سپین کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار رافیل نڈال رواں سیزن کے اختتام پر ٹینس سے ریٹائر منٹ کا اعلان

میڈرڈ۔10اکتوبر (اے پی پی):سپین کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار ، 22 گرینڈ سلام ٹائٹلز کے چیمپئن اور ٹینس کے اب تک کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک رافیل نڈال نے کھیل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔38 سالہ ہسپانوی ٹینس سٹار آئندہ ماہ ملاگا میں شیڈول ڈیوس کپ فائنلز میں اپنے ملک سپین کی نمائندگی کریں گے،ڈیوس کپ فائنلز ان کا آخری ایونٹ ہوگا۔نڈال نے گزشتہ دو سیزن …

میڈرڈ۔10اکتوبر (اے پی پی):سپین کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار ، 22 گرینڈ سلام ٹائٹلز کے چیمپئن اور ٹینس کے اب تک کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک رافیل نڈال نے کھیل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔38 سالہ ہسپانوی ٹینس سٹار آئندہ ماہ ملاگا میں شیڈول ڈیوس کپ فائنلز میں اپنے ملک سپین کی نمائندگی کریں گے،ڈیوس کپ فائنلز ان کا آخری ایونٹ ہوگا۔نڈال نے گزشتہ دو سیزن میں انجری کی وجہ سے بمشکل کھیلا ہے اور گزشتہ سال ہی انہوں نے طے کرلیا تھا کہ وہ 2024 سیزن کے اختتام پر ریٹائر ہو سکتے ہیں۔

جمعرات کو جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں رافیل نڈال نے کہاکہ میں یہاں آپ کو یہ بتانے کے لیے حاضر ہوں کہ میں پیشہ ورانہ ٹینس سے ریٹائر ہو رہا ہوں۔حقیقت یہ ہے کہ فٹنس مسائل کے باعث گزشتہ کچھ سال میرے لئے مشکل رہے ہیں، خاص طور پر پچھلے دوسال ۔مجھے نہیں لگتا کہ میں بغیر کسی پابندی کے کھیلنے کے قابل ہوں۔رافیل نڈال نے اپنے ٹینس کیریئر میں 22 گرینڈ سلام ٹائٹلز جیتے ہیں جن میں انہوں نے ریکارڈ 14 فرنچ اوپن ٹائٹل اپنے نام کیے۔

نڈال کے پاس کل 92 اے ٹی پی سنگلز ٹائٹلز بھی ہیں جن میں 36 ماسٹرز ٹائٹلز کے ساتھ ساتھ اولمپک گولڈ میڈل بھی شامل ہے۔ رافیل نڈال چار بار یو ایس اوپن کے بھی چیمپئن رہے اور انہوں نے آسٹریلین اوپن اور ومبلڈن اوپن ٹائٹلز دونوں دو بار جیتے ہیں ۔انہوں نے اولمپک سنگلز اور ڈبلز کا گولڈ بھی جیتا اور سپین کو پانچ ڈیوس کپ ٹائٹل دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

رافیل نڈال کے پاس مردوں کے سنگلز ایونٹس میں کیریئر گولڈن سلام مکمل کرنے والے تین مردوں میں سے ایک ہونے کا منفرد ریکارڈ بھی ہے۔کنگ آف کلےکورٹ کہلائے جانے والے رافیل نڈال نے کہا کہ اس زندگی میں ہر چیز کا ایک آغاز اور اختتام ہوتا ہے۔

رافیل نڈال نے مزید کہاکہ میرے خیال میں یہ مناسب وقت ہے کہ ایک طویل اور اس سے کہیں زیادہ کامیاب کیریئر کو ختم کر دیا جائے جو میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔میں بہت پرجوش ہوں کہ میرا آخری ٹورنامنٹ ڈیوس کپ کا فائنل ہوگا اور میں اپنے ملک کی نمائندگی کروں گا۔