اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ میں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیادوں پر 92 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، پہلی سہ ماہی میں اشیاء کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 8 فیصد اور خدمات کی برآمدات میں چھ فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک اور پاکستان ادارہ شماریات(پی بی ایس) کے اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی …
پہلی سہ ماہی میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ میں سالانہ بنیادوں پر 92 فیصد کی کمی، اشیاء کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 8 فیصد،خدمات کی برآمدات میں چھ فیصد اضافہ
اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ میں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیادوں پر 92 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، پہلی سہ ماہی میں اشیاء کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 8 فیصد اور خدمات کی برآمدات میں چھ فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک اور پاکستان ادارہ شماریات(پی بی ایس) کے اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کا خسارہ 98 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1.241 ارب ڈالر تھا، ستمبرمیں حسابات جاریہ کے کھاتوں کا توازن 119 ملین ڈالر فاضل ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال ستمبرمیں 218 ملین ڈالر خسارے کا تھا،اگست میں بھی حسابات جاریہ کے کھاتوں کا توازن 29 ملین ڈالر فاضل ریکارڈ کیا گیا تھا،مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں اشیاء کی برآمدات کا حجم 7.449 ارب ڈالر اور خدمات کی برآمدات کا حجم 1.907 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں بالترتیب 8 اور 6 فیصد زیادہ ہے،
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اشیاء کی برآمدات کا حجم 6.952 ارب ڈالر اورخدمات کی برآمدات کا حجم 1.801 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں اشیا کی درآمدات کا حجم 14.219 ارب ڈالر اورخدمات کی درآمدات کا حجم 2.606 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں بالترتیب 16 فیصد زیادہ اور تین فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اشیاء کی درآمدات کا حجم 12.288 ارب ڈالر اور 2.296 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا،مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں تجارتی خسارہ کا حجم 7.422 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 6.231 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 19 فیصد زیادہ ہے۔اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں بنیادی خسارہ(پرایمری بیلنس) 1.991 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 1.688ارب ڈالر کے مقابلہ میں 18 فیصد زیادہ ہے۔مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ترسیلات زرکاحجم 8.787 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 6.332 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 39 فیصد زیادہ ہے۔ستمبرمیں سمندرپارپاکستانیوں کی ترسیلات زرکاحجم 2.849 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال ستمبرکے 2.208ارب ڈالر کے مقابلہ میں 29 فیصد زیادہ ہے۔









