پاکستان انڈسٹریل ایکسپو کا آٹھواں ایڈیشن 9نومبرسے لاہور میں شروع ہوگا

195
پاکستان انڈسٹریل ایکسپو کا آٹھواں ایڈیشن 9نومبرسے لاہور میں شروع ہوگا

لاہور۔5نومبر (اے پی پی):پاکستان انڈسٹریل ایکسپو کا آٹھواں ایڈیشن 9نومبرسے لاہور ایکسپو سینٹر میں شروع ہونے جا رہا ہے، جس میں 130سے زائد بین الاقوامی کمپنیاں ایک چھت کے نیچے جمع ہوں گی۔منیجنگ پارٹنر ایوریسٹ انٹرنیشنل ایکسپو ارمغان مقیم نے منگل کے روز لاہور پریس کلب میں آٹھویں پاکستان انڈسٹریل ایکسپوکے حوالے سے میڈیاکو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تین روزہ ایونٹ میڈیا گروپ جنگ کے علاوہ اہم اداروں جیسے یونیورسٹی آف سرگودھا، یونیورسٹی آف پنجاب، کنسٹرکٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان، داروغہ والا انڈسٹری اونرز ایسوسی ایشن، کراچی چیمبر آف کامرس، فیصل آباد چیمبر آف کامرس اور دیگر تیس سے زائد نمایاں کاروباری چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایوریسٹ انٹرنیشنل ایکسپو کے زیر اہتمام ہونے والی اس نمائش میں مختلف صنعتوں میں جدید ترین ترقیات کو پیش کیا جائے گا، جن میں سی این سی مشینری، مکینیکل آلات، صنعتی اجزا، آٹوموٹو و موٹر سائیکل پارٹس اور ایکسیسریز، ہارڈویئر ٹولز، تعمیرات و سجاوٹ، قابل تجدید توانائی اور دیگر شعبے شامل ہیں اس نمائش میں سی این سی کے شعبے کی اہم چینی کمپنیاں بھی حصہ لیں گی جو اپنی جدید ترین مشینری اور ٹیکنالوجیز پیش کریں گی۔

ارمغان مقیم نے ان تین دنوں میں تعامل کے ذریعے پاکستانی صنعتوں کو مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہاکہ ہم پاکستان کے تمام صنعتی شعبے کے اسٹیک ہولڈرز کو پاکستان انڈسٹریل ایکسپو 2024میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہیں۔- ڈائریکٹر ایوریسٹ انٹرنیشنل ایکسپو مسٹر وانگ ژیائی نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہمیں متعدد کاروباری ایسوسی ایشنز کی حمایت حاصل ہے جو اس ایونٹ کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے اور پاکستان میں اقتصادی ترقی اور ٹیکنالوجی کی جدت کو فروغ دینے میں اس کے کردار کو ثابت کرتی ہے۔

اس نمائش میں مختلف سرگرمیاں شامل ہوں گی جن میں مصنوعات کی لانچنگ، فنی سیمینارز اور کاروباری ملاقاتوں کے سیشنز شامل ہیں یہ سرگرمیاں شرکاکو صنعت کے رہنمائوں سے بات چیت کرنے، جدید ٹیکنالوجیز کا جائزہ لینے اور قیمتی شراکت داریوں کے قیام کے بہترین مواقع فراہم کریں گی۔ڈپٹی جنرل منیجر ایوریسٹ انٹرنیشنل ایکسپو ذیشان ہاشمی نے کہا کہ یہ ایک منفرد موقع ہے جس میں آپ اس تبدیلی کے ایونٹ کا حصہ بن سکتے ہیں جو پاکستان کی صنعت کے مستقبل کو تشکیل دے گا اس ایکسپو کے فوائد پورے معاشرے تک پہنچیں گے ۔