ملتان۔ 17 نومبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر میں پیاز اور ٹماٹر کی کاشت و پیداوار میں اضافہ کیلئے 3 ارب روپے مختص کئے ہیں۔
منصوبے کے تحت کسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی، تربیت اور وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ا س ضمن میں 25 ایکڑ تک کے پیاز اور ٹماٹر کے کاشتکاروں کے "فارمر انٹر پرائز گروپس ”بنائے جائیں گے۔ فارمر گروپس کو بہتر منافع کیلئے اچھے خریدار،برآمد کنندگان،پراسیسرز اور انٹرنیشنل مارکیٹ سے منسلک کیا جائے گا۔ محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا ہے کہ اس منصوبہ کا مقصد پیاز اور ٹماٹر جیسی اہم فصلوں کی کاشت اورپیداوار کو بڑھانا ہے ۔
اس منصوبہ کے تحت اٹھائے جانے والے اقدامات کے تحت کسانوں کو جدید مشینری اور زرعی آلات سبسڈی پر فراہم کئے جائیں گے۔ پہلے مرحلہ میں پیاز اور ٹماٹر کے کاشتکاروں کو اسپریئرز، پرونرز، پلانٹرز، گریڈرز، ڈرائیرز، پلپنگ یونٹس اور پروسیسرز جیسے جدید زرعی آلات70 فیصد سبسڈی پر فراہم کئے جائیں گے۔
پیاز کی کاشت کے لیے منتخب علاقے لودھراں، ملتان اور وہاڑی ہیں جبکہ ٹماٹر کی کاشت کے لیے خوشاب، ساہیوال اور مظفر گڑھ کے اضلاع منتخب کئے گئے ہیں۔