محکمہ زراعت کا کاشتکاروں کوواک ان ٹنل اور پست ٹنل میں کھیر ے کی کاشت 25 نومبر تک مکمل کرنے کی ہدایت

103
محکمہ زراعت کا کاشتکاروں کوواک ان ٹنل اور پست ٹنل میں کھیر ے کی کاشت 25 نومبر تک مکمل کرنے کی ہدایت

فیصل آباد۔ 18 نومبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو واک ان ٹنل اور پست ٹنل میں کھیر ے کی کاشت 25 نومبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو کاشتکار کسی وجہ سے 25 نومبر تک کھیرے کی کاشت نہ کرسکیں وہ 15دسمبر تک واک ان اور پسٹ ٹنل میں کھیرے کی کاشت مکمل کرلیں۔

ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آبادکے ترجمان نے بتایاکہ کھیرے کی کاشت کیلئے ذرخیز میرازمین کا انتخاب ضروری ہے اور کاشت سےقبل زمین میں گوبر کی 10 سے 15 ٹن فی ایکڑ گلی سڑی کھاد ڈال کر ہل چلاتے ہوئے زمین کی مناسب تیاری بھی کرنی چاہیے تاکہ اچھی پیداوار کا حصول ممکن ہو سکے۔

انہوں نے بتایا کہ وتر آنے پر 2سے 3مرتبہ ہل چلانے اور سہاگہ دینے سے زمین اچھی طرح نرم و بھربھر ی ہو جاتی ہے جس سے بہتر نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ پست ٹنل میں زمین کی تیاری کے وقت ڈیڑھ بوری ڈی اے پی اور ایک بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ جبکہ واک ان اور بلند ٹنل میں زمین کی تیاری کے وقت ساڑھے 4بوری ڈی اے پی اور 4بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ استعمال کریں ۔

انہوں نے بتایاکہ وتر آنے پر اڑھائی سے تین میٹرکے فاصلہ پر پٹڑیاں بنائی جائیں اور ایک کلوگرام فی ایکڑ بیج استعمال کریں ۔ اس ضمن میں مزید رہنمائی کےلئے زرعی ماہرین یا محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف سے بھی معاونت حاصل کی جاسکتی ہے۔