’’ایئر کراچی ‘‘کے نام سے نئی ایئر لائن کے قیام کا اعلان، صدر ایف پی سی سی آئی میجر شیئر ہولڈر ہوں گے

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):پاکستان کی بزنس کمیونٹی نے ایئر کراچی کے نام سے نئی ایئر لائن لانچ کرنے کا اعلان کیاہے۔ تفصیلات کے مطابق نئی ایئر لائن کی شروعات بزنس کمیونٹی کے چند نمایاں نام مل کر کر رہے ہیں جس میں صدر فیڈ ریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عاطف اکرام شیخ میجر شیئر ہولڈر کے طور پر نمایاں ہیں جبکہ عقیل کریم ڈھیڈی، عارف حبیب، …

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):پاکستان کی بزنس کمیونٹی نے ایئر کراچی کے نام سے نئی ایئر لائن لانچ کرنے کا اعلان کیاہے۔ تفصیلات کے مطابق نئی ایئر لائن کی شروعات بزنس کمیونٹی کے چند نمایاں نام مل کر کر رہے ہیں جس میں صدر فیڈ ریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عاطف اکرام شیخ میجر شیئر ہولڈر کے طور پر نمایاں ہیں جبکہ عقیل کریم ڈھیڈی، عارف حبیب، ایس ایم تنویر، خالد تواب، بشیر جان محمد بھی نجی ایئر لائن کے منصوبے کا حصہ ہیں۔

اس حوالے سے صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی کی جانب سے ایئر کراچی کے نام سے نجی ایئر لائن کی شروعات ملکی ایوی ایشن انڈسٹری کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ انہوں نے نئی ائیرلائن کی شروعات کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بزنس کمیونٹی کی جانب سے ”ایئر کراچی ” کے نام سے نجی ایئر لائن کی شروعات ملکی ایوی ایشن انڈسٹری کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا ہے، پاکستان کی بزنس کمیونٹی نے مشکل حالات کے باوجود ہر شعبے میں اپنا لوہا منوایا ہے۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ کاروباری برادری کی قیادت کی موجودگی نئی ایئر لائن کی کامیابی کی ضامن ہو گی، بزنس کمیونٹی ملکی معیشت کا بوجھ اٹھانے کیلئے تیار ہے، نئی ایئر لائن اسی سمت میں ایک قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایئر کراچی ملکی ایوی ایشن انڈسٹری کو پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے سنگ میل ثابت ہو گی۔