اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے بنگلہ دیش کی نگران حکومت کے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اور وزیر خزانہ ڈاکٹر صالح الدین احمد سے ملاقات کی۔
پیر کو یہاں جاری بیان کے مطابق ملاقات میں کامسٹیک، بنگلہ دیش اور پاکستان کے مابین مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ ڈھاکہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران سیکرٹری وزارت سائنس ٹیکنالوجی و خزانہ سمیت دیگر اداروں کے عہدیدران بھی شامل تھے۔
ملاقات میں بنگلہ دیش اور کامسٹیک کے درمیان جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں کامسٹیک۔
بنگلہ دیش سائنسی تعاون پروگرام، کامسٹیک اسکالرشپس پروگرام برائے بنگلہ دیش ، کامسٹیک کنسورشیم آف ایکسیلنس پروگرام، بنگلہ دیش میں کامسٹیک کے نیشنل کوآرڈینیشن آفس کا قیام، کامسٹیک۔آئ یو ٹی پروگرام شامل ہیں۔
ملاقات میں بنگلہ دیش کے نگران وزیر سائنس اور خزانہ نے کامسٹیک اور پاکستان کے ساتھ مل کر سائنس، اعلیٰ تعلیم، اسکالرشپس اور پاکستانی و بنگلہ دیشی جامعات کے درمیان روابط بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے اپنے ہر طرح کے تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ ملاقات کامسٹیک اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری منصوبوں کو مضبوط کرنے، تعاون کو فروغ دینے اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے ذریعے اہم ترقیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کی جانب ایک اہم قدم کی نشاندہی کرتی ہے۔ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے اسلامی دنیا میں تعلیم اور سائنسی تحقیق کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ عزم پر زور دیتے ہوئے بہترین نتائج کی امید کا اظہار کیا۔