اقوام متحدہ ۔4دسمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیتے ہوئے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے انخلا کرے۔ اے ایف پی کے مطابق اقوام متحدہ نے جون 2025 میں ایک بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کا مطالبہ بھی کیا ہے تاکہ دو ریاستی حل کے لیے سفارتی کوششیں دوبارہ شروع کی جا سکیں۔اقوام متحدہ میں منگل کو پیش کی جانے والی قرارداد کے حق میں 157 جبکہ مخالفت میں 8 ووٹ پڑے۔امریکا اور اسرائیل سمیت 8ممالک نے قرارداد کی مخالفت میں ووٹ دیا جبکہ سات نے ووٹنگ میں حصّہ نہیں لیا۔
جنرل اسمبلی نے اسرائیل اور فلسطین کے دو ریاستی حل کے لیے بین الاقوامی قانون کے مطابق غیرمتزلزل حمایت کا اظہار کیا۔اسمبلی نے کہا کہ دونوں ریاستوں کو 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر تسلیم شدہ سرحدوں کے اندر امن و سلامتی سے رہنا چاہیے۔جنرل اسمبلی نے دو ریاستی حل کو حقیقت بنانے کی سفارتی کوششوں میں نئی جان پھونکنے کے لیے آئندہ سال جون 2025 میں نیویارک میں بین الاقوامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
سعودی عرب اور فرانس اس اعلیٰ سطح کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق خاص طور پر حقِ خود ارادیت اور ان کی آزاد ریاست کے حق کے حصول کا مطالبہ کیا۔اقوام متحدہ سمجھتی ہے کہ مغربی کنارے، مشرقی بیت المقدس اور غزہ کی پٹّی پر اسرائیل نے غیرقانونی قبضہ کر رکھا ہے۔