نیٹو کا اردن میں اپنا دفتر کھولنے کا اعلان

104

برسلز۔4دسمبر (اے پی پی):نیٹو کے نئے سربراہ مارک روٹے نے اردن کے دارالحکومت عمان میں اپنا دفتر کھولنے کا اعلان کیا ہے، ہمارا یہ اقدام خطے کے ممالک کے ساتھ ہمارے ماضی کے مقابلے کہیں زیادہ مضبوط تعلقات کی عکاسی کرے گا۔العربیہ اردو کے مطابق نیٹو سربراہ مارک روٹے نے نیٹو وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کی سٹریٹجک اہمیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اردن مشرق وسطی میں نیٹو کے اہم ترین شراکت داروں میں سے ایک ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیٹو عمان میں اپنا دفتر کھولنے جا رہا ہے، ہمارا یہ اقدام خطے کے ممالک کے ساتھ ہمارے ان گہرے تعلقات کی نشان دہی کرے گا جو ماضی کے مقابلے کہیں زیادہ مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطی اور افریقہ کے لیے نیٹو کا خصوصی ایجنڈا ترتیب دیا گیا ہے،تاہم مشرق وسطی اور افریقہ کی طرف نیٹو کی توسیع ہمارے جنوبی پڑوس کی طرف توسیع ہو گی،

لیکن یہ ٹرانس اٹلانٹک کو نیٹو میں لانے والی نیٹو کی شق نمبر پانچ والی توسیع نہیں ہو گی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز اردن کے شاہ عبداللہ نے نئے نیٹو سربراہ کی دعوت پر نیٹو وزرائے خارجہ کے اجلاس میں پہلی بار شرکت کی ہے۔