آسٹریلیا ، نامعلوم افراد نے یہودیوں کی عبادت گاہ کو آگ لگا دی

189
Jewish synagogue
Jewish synagogue

ملبورن ۔6دسمبر (اے پی پی):آسٹریلیا کے شہر ملبورن میں نامعلوم افراد نے سیناگوگ(یہودیوں کی عبادت گاہ) کو آگ لگا دی ۔ آسڑیلیا براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (اے بی سی)کے مطابق ملبورن میں واقع اڈاس اسرائیل نامی سیناگوگ کو صبح چار بجکر دس منٹ پر اس وقت آگ لگائی گئی جب کچھ افراد اندر عبادت میں مصروف تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ سیناگوگ کا زیادہ تر حصہ نذر آتش ہو گیا ہے تاہم واقعے میں کوئی شدید زخمی نہیں ہوا ایک فرد کو جلنے کے زخم آئے ہیں ۔

وکٹورین پولیس کے انسپکٹر کرس مرے نےبتایا کہ صبح کی دعا کے لیے سیناگوگ جانے والے عینی شاہد نے دو افراد کو دیکھا تھا جنہوں نے ماسک پہنے ہوئے تھے جو سیناگوگ کی عمارت پر آگ بھڑکانے والا مواد سپرے کر رہے تھے۔کرس مرے نے کہا کہ سیناگوگ آگ کے شعلوں میں گھرا ہو تھا اور یہ سب کچھ جان بوجھ کر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملزمان کی تلاش کے لیے پولیس کی پیٹرولنگ بڑھا رہے ہیں جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور عینی شاہدین کے انٹرویوز کی مدد سے بھی سراغ لگانے کی کوشش کریں گے۔

سیناگوگ کے بورڈ ممبر بینجمن کلین نے بتایا کہ آگ لگنے کے وقت کچھ افراد عبادت میں مصروف تھے جو کہ وہاں رات سے تھے اور ایک دھماکے دار آواز سنائی دی۔انہوں نے کہا کہ سیناگوگ کے اندر مائع مواد ڈالا گیا تھا اور پھر آگ لگائی گئی۔انہوں نے کہا کہ اگر یہ واقعہ ایک گھنٹے بعد پیش آیا ہوتا تو اس وقت سیناگوگ کے اندر سینکڑوں افراد ہو سکتے تھے۔انہوں نے بتایا کہ آگ بہت زیادہ پھیلی ہوئی تھی اور لوگ پچھلے دروازے سے باہر کو بھاگے ۔

بینجمن کلین نےبتایا کہ سیناگوگ کے اندر موجود فرنیچر اور کتابیں تباہ ہو گئی ہیں جبکہ تورات کی پرانی کاپیوں کو بچا لیا گیا ہے۔آسٹریلوی وزیراعظم البانیز نےبیان میں کہا کہ یہود مخالفت کے لیےزیرو ٹالرنس کی پالیسی رکھتے ہیں اور آسٹریلیا میں اس کی کوئی جگہ نہیں ہے۔