اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام فرنٹیئرز آف انفارمیشن ٹیکنالوجی (ایف آئی ٹی۔24) پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس پیر (9 دسمبر) سے شروع ہو رہی ہے۔ کانفرنس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے سینکڑوں ماہرین، محققین اور فکری رہنما شریک ہوں گے۔
کانفرنس کے 21 ویں ایڈیشن میں 85 جدید تحقیقی مقالوں کے ساتھ ایک وسیع پروگرام پیش کیا گیا ہے جو ریکارڈ 410 گذارشات میں سے منتخب کیا گیا ہے، جس میں انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی میں تازہ ترین پیشرفت کی نمائش کی گئی ہے۔کانفرنس میں امریکا، برطانیہ، آسٹریلیا، چین، قطر اور جاپان سمیت دنیا بھر کی معروف یونیورسٹیوں اور اداروں کے نامور ماہرین شرکت کریں گے۔
تقریب میں 20 تکنیکی سیشنز، دو کلیدی تقریریں، 12 مدعو مذاکرے اور ماحولیاتی ڈیٹا سائنس پر خصوصی ٹیوٹوریل شامل ہیں۔یہ کانفرنس پاکستان کو آئی ٹی میں عالمی قیادت کے لیے تیار کرنے میں تحقیق پر مبنی اختراع کے کردار کے حوالہ سے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ اید آئی ٹی۔24 کے جنرل چیئر پروفیسر ڈاکٹر سہیل اصغر کی سرپرستی میں یہ تقریب پاکستان میں آئی ٹی کی مہارت کی بنیاد بن گئی ہے۔
ڈاکٹر اصغر اور ان کی ٹیم نے تعلیمی، صنعت اور حکومت کے درمیان خلیج کو ختم کرنے، تکنیکی جدت اور عالمی تعاون کے کلچر کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔کانفرنس سے سرسید انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، پاکستان کے چانسلر پروفیسر شعیب اے خان کلیدی خطاب بھی کریں گے ۔