شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر یہ حملہ بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):پاکستان نے شام کے خلاف اسرائیلی جارحیت اور شامی سرزمین پر غیر قانونی قبضہ اور شام کے بنیادی ڈھانچے اور شہری اور فوجی تنصیبات کی وسیع پیمانے پر تباہی پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر یہ حملہ بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف …

اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):پاکستان نے شام کے خلاف اسرائیلی جارحیت اور شامی سرزمین پر غیر قانونی قبضہ اور شام کے بنیادی ڈھانچے اور شہری اور فوجی تنصیبات کی وسیع پیمانے پر تباہی پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر یہ حملہ بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اظہار کرتے ہیں اور طاقت کے ذریعے اسرائیل کے قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 497 کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں، جو گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیل کے الحاق کو "باطل اور بین الاقوامی قانونی اثر کے بغیر” قرار دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ اور شام اور لبنان میں ہمارے مشنز شام میں پاکستانیوں کی وطن واپسی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ تقریباً 475 پاکستانی بشمول 250 زائرین شام کی سرحد عبور کر کے لبنان پہنچ چکے ہیں، انہیں بیروت سے اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ ہم شام سے پھنسے ہوئے پاکستانی شہریوں کی بحفاظت واپسی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے حکومت لبنان کی طرف سے دی گئی حمایت کو سراہتے ہیں۔