اسلام آباد ۔ 8 مئی (اے پی پی) وزارت مذہبی امور پرائیویٹ سکیم کے تحت حج آپریشن 2017ءمیں حصہ لینے والی کمپنیوں کے کاغذات کی چھان بین مکمل کر کے جلد ہی حتمی فہرست جاری کرے گی۔ پیر کو وزارت مذہبی امور کے ذرائع نے ”اے پی پی“ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حج ٹور آپریٹر کی تنظیم ہوپ نے پرائیویٹ اور سرکاری سکیم کے درمیان حج کوٹہ کی تقسیم کے معاملہ کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔ اس کا فیصلہ آنے کے بعد ہی پرائیویٹ ٹور آپریٹرز میں حج کوٹہ تقسیم کیا جائے گا تاہم ذرائع نے کہا کہ پہلے سے حج آپریشن میں حصہ لینے والی کمپنیاں اپنے طور پر بکنگ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال بھی حج آپریشن میں 742 کمپنیوں نے حصہ لیا تھا۔