نئی دہلی۔13جنوری (اے پی پی):بھارت میں شراب پی کر آنے والے دولہے کو بغیر دلہن کے اس وقت واپس جانا پڑا جب لڑکی کی ماں نے کھلے عام اعلان کیا کہ وہ اپنی بیٹی ایسے شخص کے حوالے نہیں کر سکتی۔
اردو نیوز کے مطابق واقعہ بنگلورو کے علاقے میں پیش آیا ، اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں دلہن کی والدہ کے اقدام کو سراہا جا رہا ہے۔
دولہا اور اس کے دوست شادی کی رسومات کے لیے منڈپ پر پہنچے تو لڑکی ماں کو فوراً انداز ہ ہو گیا کہ وہ نشے میں ہیں جس پر اس نے فوری ایکشن لیا۔ویڈیو میں دلہن کی ماں کو ہاتھ جوڑ کر دولہے والوں کو واپس جانے کی درخواست کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور یہ کہتے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے کہ ابھی سے ایسے تیور ہیں تو آگے میری بیٹی کے مستقبل کا کیا ہو گا۔
کچھ لوگ صورت حال کو سنبھالنے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم حتمی فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب نشے میں دھت دولہے نے آرتی کی تھالی کو اٹھا کو زمین پر پٹخ دیاجس پر دلہن کی والدہ اس سے کہتی ہے کہ آپ لوگ چلے جائیں۔ ویڈیو پر تبصرے میں زیادہ تر صارفین لڑکی کی ماں کے اقدام کو سراہتے ہوئے نظر آئے کہ اس نے اپنی بیٹی کے لئے نامناسب رویے کے خلاف ٹھوس موقف اپنایا۔ایک صارف نے لکھا کہ مجھے اچھا لگا کہ بھارتی خواتین اپنے بچوں کے لیے کھلے عام سٹینڈ لینا شروع ہو گئی ہیں اور ان کو اس کی پرواہ نہیں کہ لوگ کیا کہیں گے، ہمیں ایسا مزید کرنے کی ضرورت ہے۔ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں اس خاتون نے اپنی بیٹی کے لیے بہترین کام کیا ، اگر کوئی شخص شادی کے دن کھلے عام ایسا کر سکتا ہے تو وہ آگے بھی ہمیشہ ایسا ہی کرے گا۔