غزہ میں جنگ بندی ، اسرائیلی جیلوں سے رہا ہونے والے 90 فلسطینی اپنے گھروں کو پہنچ گئے

غزہ ۔20جنوری (اے پی پی):غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے پر عملدرآمد شروع ہونے کے بعد اسرائیلی حکام نے 90 فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا ہے جو اپنے گھروں تک پہنچ گئے ہیں۔ اسرائیلی جیلوں سے رہائی پانے والوں میں 69 خواتین اور 21 کم عمر لڑکے شامل ہیں جن کا تعلق مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس سے ہے ۔ ان میں سے بڑی تعداد ایسے …

غزہ ۔20جنوری (اے پی پی):غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے پر عملدرآمد شروع ہونے کے بعد اسرائیلی حکام نے 90 فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا ہے جو اپنے گھروں تک پہنچ گئے ہیں۔

اسرائیلی جیلوں سے رہائی پانے والوں میں 69 خواتین اور 21 کم عمر لڑکے شامل ہیں جن کا تعلق مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس سے ہے ۔ ان میں سے بڑی تعداد ایسے افراد کی ہے جنہیں حال ہی میں حراست میں لیا گیا تھا اور اسرائیلی عدالتوں کی جانب سے انھیں کوئی سزائیں نہیں سنائی گئی تھی اور نہ ہی اسرائیلی عدالتوں میں ان کے خلاف مقدما ت کی سماعت ہوئی تھی۔

بی بی سی کے مطابق رہائی پانے والے 90 فلسطینی قیدیوں کو لے کر آنے والی بس جیسے ہی مغربی کنارے پر پہنچی تو فلسطینیوں کی ایک بڑی تعداد نے بس کو گھیر لیا اور رہائی پانے والوں کو خوش آمدید کہا۔جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے کے نتیجے میں اسرائیل کی جانب سے 1900 فلسطینی قیدیوں اور اس کے عوض 33 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی متوقع ہے۔

جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے کے نتیجے میں تین اسرائیلی یرغمالی خواتین، 31 سالہ دورون سٹین بریچر، 28 سالہ ایملی دیماری اور 24 سالہ رومی گونین کو رہا کیا گیا تھا جو تل ابیب پہنچ گئی ہیں۔ دریں اثنا اقوام متحدہ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے کے نتیجے میں اتوار کو امدادی سامان سے لدے 630 ٹرک غزہ میں داخل ہوئے ہیں۔