وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 17 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ آئندہ چند روز میں بجلی کی حالیہ صورت حال پر قابو پا لیا جائے گا اور رمضان المبارک میں بھی لوڈ شیڈنگ کنٹرول میں رکھیں گے اور سحروافطار کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی اور جن علاقوں میں بجلی چوری ہوتی ہے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں …

اسلام آباد ۔ 17 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ آئندہ چند روز میں بجلی کی حالیہ صورت حال پر قابو پا لیا جائے گا اور رمضان المبارک میں بھی لوڈ شیڈنگ کنٹرول میں رکھیں گے اور سحروافطار کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی اور جن علاقوں میں بجلی چوری ہوتی ہے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں سحروافطار کے دوران ہم تو ان لوگوں کو بھی سہولت دینے کی کوشش کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جون کے آخر سے ہائیڈل پاور بھی پوری طرح میسر ہو گی اور جولائی تک بجلی کی طلب اور رسد کا فرق پورا ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند روز سے بجلی فراہمی کی صورت حال کافی بہتر ہے جسے مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اب تک 5 ہزار200 میگا واٹ بجلی قومی گرڈ سسٹم میں شامل کی ہے جس کی وجہ سے بجلی کی پیداوار ساڑھے 16ہزار میگا واٹ تک جا پہنچی ہے اور جولائی اگست تک بجلی کی اس پیداوار کو 20سے 21ہزار میگا واٹ کی ریکارڈ سطح پر لے جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں کسی کا نام تو نہیں لیتا لیکن پشاور میں جلوس کی رہنمائی کرنے والوں کے اپنے رہائشی علاقے 80 فیصد تک نادہندہ ہیں ۔ ان لوگوں کو چاہیئے کہ وہ اپنی صوبائی حکومت سے یہ پوچھیں کہ ہمارے ان کے ساتھ کیا معاملات طے ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہر ایک باشندے کو برابری کی سطح پر بجلی فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے جسے پورا کر رہے ہیں لیکن جہاں بجلی چوری ہوتی ہے اور جو لوگ بجلی کی قیمت ادا نہیں کرتے اور بجلی مفت استعمال کرنا چاہتے ہیں وہاں بجلی نہیں دیں گے۔

Leave a Reply