قذافی سٹیڈیم کی ریکارڈ مدت میں تکمیل،چیئرمین پی سی بی کا ورکرز کے اعزاز میں خصوصی ظہرانہ،پاک نیوزی لینڈ میچ دیکھنے کی دعوت دی

لاہور۔7فروری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے قذافی سٹیڈیم کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پر 1500 سے زائد مزدوروں کے اعزاز میں خصوصی ظہرانہ دیا۔ترجمان کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے ورکرز کے ساتھ ان کی نشستوں پر جا کر ملاقات اور ان کے ساتھ لنچ کیا۔محسن نقوی نے مزدوروں کا شکریہ ادا کیا اور سٹیڈیم کی تکمیل میں ان کی دن …

لاہور۔7فروری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے قذافی سٹیڈیم کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پر 1500 سے زائد مزدوروں کے اعزاز میں خصوصی ظہرانہ دیا۔ترجمان کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے ورکرز کے ساتھ ان کی نشستوں پر جا کر ملاقات اور ان کے ساتھ لنچ کیا۔محسن نقوی نے مزدوروں کا شکریہ ادا کیا اور سٹیڈیم کی تکمیل میں ان کی دن رات کی محنت کوسراہا۔

اس موقع پرورکرز نے چیئرمین پی سی بی کے ساتھ سیلفیاں اور تصویریں بھی بنوائیں ۔ چیئرمین پی سی بی نے مزدوروں کی محنت کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور کہا کہ یہ سٹیڈیم ان کی محنت کی بدولت مکمل ہوا ہے۔محسن نقوی نے مزدوروں کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والا میچ دیکھنے کی دعوت بھی دی اور کہا کہ آپ قوم کے ہیرو اور سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔

انہوں نے مزدوروں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور ان کے جذبے کی قدر کی۔مزدوروں کی جانب سے اس موقع پر خوشی کا اظہار کیا گیا اور بتایا کہ وہ تین ماہ سے سٹیڈیم میں کام کر رہے اور اس کی تکمیل پر ان کے دل خوش ہو گئے ہیں۔ ایک مزدور نے کہا کہ "محسن صاحب آپ کی محنت رنگ لائی ہے، ہم خود آپ کو سٹیڈیم میں صبح و شام دیکھتے ہیں، آپ نے کمال کر دیا ہے۔

ظہرانے میں مزدوروں کو مٹن قورمہ، چکن روسٹ، بیف پلاو اور لائیو گرما گرم نان پیش کیا گیا جبکہ زردہ، رائتہ، فریش سلاد، منرل واٹر، کولڈ ڈرنکس اور کشمیری چائے سے بھی ان کی تواضع کی گئی۔

پی سی بی اعلی حکام، ایڈوائزر عامر میر، چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر، پاکستان ٹیم کے کپتان محمد رضوان، چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضی، ایف ڈبلیو او کے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور نیسپاک کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔

چیئرمین پی سی بی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ قذافی سٹیڈیم کی تکمیل میں ان کی دن رات کی محنت شامل اور یہ کرکٹ کے شائقین کیلئے ایک نیا سنگ میل ہے۔

مزید خبریں