پہلگام حملے کے بعد پاک بھارت کشیدگی میں اضافے پر غور کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مشاورتی اجلاس آج ( پیر کو ) ہوگا

279

اقوام متحدہ۔5مئی (اے پی پی):بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا بند کمرہ مشاورتی اجلاس آج ( پیر کی) سہ پہر ہو گا۔اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن سے جاری بیان کے مطابق مشاورتی اجلاس کے انعقاد کی درخواست پاکستان نے کی ہے اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد مشاورتی اجلاس کے اختتام پر بیان جاری کریں گے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی 22 اپریل کو بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے قصبے پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد بڑھ گئی تھی جس میں 26 افراد ہلاک ہو گئےاور بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا تھا۔ پاکستان نے واضح طور پر اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

کشیدگی اس وقت بڑھ گئی جب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے فوجی سربراہان کو متنازعہ علاقہ کشمیر میں حملے کا جواب دینے کے لئے ’’آپریشنل آزادی‘‘ دے دی ۔ پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے کسی بھی مہم جوئی کا فوری جواب دیا جائے گا۔