ایف بی آر نے سمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کو مزید موثر بنانے کے لیے کسٹمز کمانڈ فنڈ کے حوالہ سے نئے قواعد و ضوابط کا مسودہ جاری کر دیا

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کو مزید موثر بنانے کے لیے کسٹمز کمانڈ فنڈ کے حوالہ سے نئے قواعد و ضوابط کا مسودہ جاری کر دیا ہے۔ایف بی آر کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ ایس آر او کے مطابق یہ قواعد 1969 کے کسٹمز ایکٹ کے تحت وضع کیے گئے ہیں اور ان پر تین دن …

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کو مزید موثر بنانے کے لیے کسٹمز کمانڈ فنڈ کے حوالہ سے نئے قواعد و ضوابط کا مسودہ جاری کر دیا ہے۔ایف بی آر کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ ایس آر او کے مطابق یہ قواعد 1969 کے کسٹمز ایکٹ کے تحت وضع کیے گئے ہیں اور ان پر تین دن کے اندر اعتراضات یا تجاویز دی جا سکتی ہیں،مجوزہ قواعد کے تحت کسٹمز انفورسمنٹ کلیکٹوریٹس میں قائم فنڈ کا مقصد اہلکاروں کی کارکردگی کو بہتر بنانا، خفیہ معلومات کے حصول میں مدد دینا اورمشکل علاقوں میں تعینات عملے کو ضروری سہولیات فراہم کرنا ہے۔مجوزہ قواعد کے مطابق قابل اعتبار معلومات دینے والے افراد کو فوری طور پر رقم دی جا سکے گی، جو ایک کیس میں پانچ لاکھ روپے سے زائد نہیں ہو گی،ایسے افسران و اہلکار جو غیر معمولی کارکردگی دکھائیں

انہیں دو سال کی بنیادی تنخواہ تک کا انعام دیا جا سکے گا، چیک پوسٹوں، موبائل اسکواڈز اور ڈیجیٹل انفورسمنٹ سٹیشنز پر کام کرنے والے اہلکاروں کے لیے راشن، حفاظتی سامان اور دیگر ضروریات کی خریداری فنڈ سے کی جا سکے گی،ضبط شدہ سامان کی نقل و حمل، ذخیرہ، تلفی اور دیگر متعلقہ اخراجات بھی اس فنڈ سے پورے کیے جا سکیں گے۔ مجوزہ قواعد کے مطابق ہر ادائیگی کا باقاعدہ ریکارڈ رکھا جائے گا اور تمام معلومات کی رازداری کو یقینی بنایا جائے گا۔معلومات فراہم کرنے والوں کو کوڈ الاٹ کیا جائے گا تاکہ ان کی شناخت خفیہ رہے۔ اس کے علاوہ فنڈ کا سالانہ آڈٹ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کرے گا،فنڈ کی رقم تنخواہوں، اوور ٹائم یا عمارتوں کی تعمیر میں استعمال نہیں کی جا سکے گی ، البتہ پہلے سے موجود عمارات کی مرمت کی اجازت ہو گی۔ مجوزہ قواعد کے مطابق ہرکلکٹوریٹ میں کسٹمز کمانڈ فنڈکمیٹی کاقیام عمل میں لایاجائیگا

جس میں متعلقہ کلیکٹرچئیرمین کے فرائض سرانجام دیں گے،کمیٹی کے دیگراراکین میں ایڈیشنل کلکٹر،اسسٹنٹ/ ڈپٹی کلکٹرہیڈکوارٹر،اورگریڈ 16کا نامزدافسرشامل ہوں گے،اسی طرح ایک مرکزی کسٹمز کمانڈ فنڈ کمیٹی قائم کی جائے گی، جس کی سربراہی چیف کلیکٹر کسٹمز (انفورسمنٹ) کریں گے۔ اس کمیٹی میں کلیکٹر (ہیڈ کوارٹرز)، ایک کلیکٹر انفورسمنٹ اور چیف کلیکٹر کی نامزدگی سے گریڈ 18 یا اس سے اوپر کے دو کسٹمز افسران شامل ہوں گے، چیف کلیکٹر کسٹمز (انفورسمنٹ) متعلقہ کلیکٹریٹس کو ان کا جائز حصہ ادا کریں گے، جو نیلامی سے حاصل شدہ آمدنی، منظور شدہ افرادی قوت اور اس کلیکٹوریٹ کی سٹریٹجک اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے طے کیا جائے گا،اگر کسی کلیکٹوریٹ کو اضافی فنڈز کی ضرورت ہو تو متعلقہ سربراہ تحریری طور پر وضاحت کے ساتھ فنڈز کی درخواست دے سکتا ہے کہ یہ رقم کہاں اور کیوں استعمال کی جائے گی۔ یہ درخواست بعد ازاں منظوری یا رد کیے جانے کے لیے مرکزی کمیٹی کو بھیجی جائے گی۔

 

مزید خبریں