وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ10گنا تک بڑھانے کا اصولی فیصلہ

104

لاہور۔27مئی (اے پی پی):پنجاب میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ10گنا تک بڑھانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ پر والد ذمہ دارقرار اور مقدمہ بھی درج ہوگا۔ گاڑی سے باہرخطرناک انداز سے لٹکتے سریا وغیرہ پر گاڑی بند کردی جائے گی اور ون ویلنگ یا خطرناک طرزکی ڈرائیونگ پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔ بڑے روڈز کے اطراف میں سامان سے لدی ٹرالیاں کھڑی کرنے پر پابندی لگانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ خراب یا بند ہیڈ لائٹسں کے ساتھ ڈرائیونگ پر سخت کارروائی ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے لاہور میں بیدیاں اور دیگر روڈز پر ٹریفک کی روانی میں رکاوٹیں فوری دور کرنے کا حکم دیا اور ٹریفک چالان کے ساتھ ویڈیو اور تصویری ثبوت منسلک کرنے کی بھی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ٹریفک پولیس کی یونیفارم تبدیل کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ٹریفک پولیس کی پانچ کیٹگری بنانے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔ انفورسمنٹ آفیسر، ٹریفک ریگولیٹر، ایجوکیشن لائسنسنگ اور پبلک سروس آفیسر کی کیٹگری بنائی جائے گی۔ شفافیت کیلئے ٹریفک وارڈن ان کیمرہ ٹریفک چالان کریں گے۔

اس موقع پر پنجاب کے 372 اور لاہور کے 77 پوائنٹس کی ری ماڈلنگ پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ٹریفک جام کی پیشگی نشاندہی کے لئے روڈ سائیڈ ڈیجیٹل سکرین لگانے کا حکم بھی دیا۔ اجلاس میں دوران ڈرائیونگ موبائل کے استعمال پر بھاری جرمانہ عائد کرنے پر اصولی اتفاق کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے ٹریفک پولیس کو جدید پٹرول وہیکل اور جدید ترین آلات دینے کی منظوری بھی دیدی ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹریفک کے نظام میں بہتری نظر نہیں آرہی ، ٹھوس اور پائیدار اقدامات کرنے ہوں گے۔ٹریفک حادثات کے وقوع پذیر ہونے سے پہلے موثر اقدامات ہی کامیابی ہیں ۔ خود نکل کر شہر کے مختلف سڑکوں پر ٹریفک کی صورتحال کا جائزہ لیتی ہوں۔