اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے تین علیحدہ مرجر درخواستوں کی منظوری دے دی ہے جن کے تحت برکلے سکوائر ہولڈنگ بی وی کو اوگیلوی اینڈ میتھر پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ، مائنڈ شیئر پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ اور سوہو سکوائر پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ میں پچاس فیصد حصص حاصل کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ برکلے نے کمپنیوں کے شیئرز طاہر انور خان سے خریدنے کا معاہدہ کیا ہے
جبکہ مائنڈ شیئر کے کیس میں انٹرفلو کمیونیکیشنز پرائیویٹ لمیٹڈ بھی بطور فروخت کنندہ شامل ہے۔مسابقتی کمیشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق برکلے سکوائر ہولڈنگ بی وی نیدرلینڈز میں قائم ایک ہولڈنگ کمپنی ہے جو ڈبلیو پی پی ایل سی کی بالواسطہ مکمل ملکیت ہے۔
ڈبلیو پی پی کا شمار دنیا کی بڑی اشتہاری، ابلاغی اور تعلقات عامہ کی کمپنیوں میں ہوتا ہے جس کا صدر دفتر لندن میں واقع ہے۔ یہ کمپنی کئی ممالک میں اپنی ذیلی کمپنیوں کے ذریعے تخلیقی اور اشتہاری خدمات فراہم کرتی ہے۔ان ٹرانزیکشن کی منظوری کے بعد ڈبلیو پی پی کو ان تینوں کمپنیوں پر مکمل کنٹرول حاصل ہو جائے گا جو پاکستان میں ایڈورٹائزنگ انڈسٹری میں جدت لائے گا اور اس شعبے کو مستحکم کرے گا۔کمیشن کے جائزے کے بعد قرار دیا گیا ہے
کہ یہ ٹرانزیکشن ایڈورٹائزنگ کی مارکیٹ میں مقابلے کی صورتحال پر اثر انداز نہیں ہوگی بلکہ یہ سرمایہ کاری انڈسٹری کے استحکام کا باعث بنے گی۔کمیشن نے اپنے جائزے کے دوران اس امر کو یقینی بنایا کہ ان ٹرانزیکشن سے مسابقتی ماحول پر کوئی منفی اثر یا ایسی رکاوٹیں پیدا نہ ہوں جو مارکیٹ میں داخلے یا دیگر کے لیے مشکلات پیدا کریں۔ ٹرانزیکشن کی منظوری کمپٹیشن ایکٹ 2010 کی دفعہ 31(1)(د)(i) کے تحت دی گئی ہے۔