پیمرا نے میسرز ایم ٹیل کمیونیکیشنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ لاہور کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا

54
Pemra

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے میسرز ایم ٹیل کمیونیکیشنز پرائیویٹ لمیٹڈ کے خلاف واجبات کی ادائیگی کے لیے دیئے جانے والے تین پوسٹ ڈیٹڈ چیکوں کے ڈس آنر ہونے پر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

پیمرا کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ کمپنی کی جانب سے واجبات کی ادائیگی کے لئے تین پوسٹ ڈیٹڈ چیک جمع کرائے گئے تھے جو بینک سے ڈس آنر ہو گئے۔ اس صورتحال پر پیمرا نے پیمرا آرڈیننس 2002 پیمرا (ترمیمی ) ایکٹ 2023 کے سیکشن 33(3) کے تحت متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر کے اندراج کیلئے درخواست جمع کرا دی ہے۔ بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ کمپنی کے ذمے تین کروڑ 36 لاکھ 45 ہزار 963 روپے واجب الادا ہیں۔

پیمرا نے کمپنی کو ادائیگی کے لئے متعدد مواقع فراہم کیے اور متعلقہ کمپنی کو پوسٹ ڈیٹڈ چیک جمع کرانے کی سہولت بھی دی تاہم کمپنی اپنے جمع شدہ چیکوں پر درج کل رقم 7,575,000 روپے کی ادائیگی سے قاصر رہی۔ پیمرا نے اس معاملے میں پاکستان پینل کوڈ 1860 کے سیکشن 498-ایف کے تحت کارروائی کیلئے پولیس کو درخواست دے دی ہے۔ پیمرا نے اپنے تمام لائسنس یافتگان کو متنبہ کیا ہے کہ واجبات کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں بصورت دیگر پیمرا قوانین کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔