برسلز۔24جون (اے پی پی):یورپی کمیشن نے فلسطینی پناہ گزینوں کی امداد کے لئے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی مہاجرین (انروا)اور فلسطینی اتھارٹی کی مدد کے لئے 230 ملین ڈالر مختص کردیے۔عرب نیوز کے مطابق یہ اعلان یورپی کمیشن کے بحیرہ روم کے خطے کے لئے کمشنر دبرائو کاسوکا نے گزشتہ روز ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کے لئے 172 ملین ڈالر مختص کئے ہیں تاکہ ضروری عوامی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے،اس امداد سے اتھارٹی اساتذہ، سرکاری ملازمین اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں کی تنخواہوں کی ادائیگی کر سکے گی۔
یورپین کمیشن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ مالی امداد اصلاحاتی ایجنڈے کے نفاذ پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ انروا کو غزہ کی پٹی، مغربی کنارے، اردن، لبنان اور شام میں فلسطینی پناہ گزینوں کی تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور دیگر خدمات کی مد میں 58 ملین ڈالر فراہم کیے گئے،یہ تنظیم 2023 کے اواخر سے اسرائیلی حملوں کے دوران غزہ میں لاکھوں فلسطینیوں کو امداد اور شیلٹر کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے،اسرائیلی فوج کے بعض حملوں میں اقوام متحدہ کے عملے اور امدادی ایجنسی کی ویئر ہاؤسز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
یورپی کمشنر نے کہا کہ فلسطینی عوام کے لئے ہماری حمایت ثابت قدمی سے جاری ہے، فلسطینی اتھارٹی اور اقوام متحدہ کی ایجنسی انروا کو 202 ملین یورو کی اس (پہلی) قسط کے ذریعے ہم اپنے غیرمتزلزل سیاسی اور مالی عزم کی توثیق کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ فنڈز کمیشن کے 2025-2026 کے لیے فلسطین کی بحالی کے پروگرام کا حصہ ہیں جو ایک ارب 84 کروڑ ڈالر کے لگ بھگ ہے،اس امداد کے ذریعے یورپی یونین نے فلسطینی عوام کے لئے اپنی حمایت اور دو ریاستی حل کے کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعادہ کیا
جس کا اعلان اپریل میں یورپی یونین-فلسطینی اتھارٹی کے درمیان اعلٰی سطح کے مذاکرات کے دوران کیا گیا تھا۔ کمشنر سوکا نے کہا کہ یورپی یونین کو غزہ میں تباہ کن انسانی صورتحال اور مغربی کنارے کے بگڑتے ہوئے حالات پر گہری تشویش ہے، ہم ایک منصفانہ اور دیرپا امن کے لئے پرعزم ہیں جس کی بنیاد دو ریاستی حل پر مبنی ہے۔