اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون وانصاف اورانسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ہر قیدی کے لیے قانون ایک ہونا چاہیے، بانی پی ٹی آئی کو خصوصی سہولت دینے کا مطالبہ قانون کے خلاف ہے،کسی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جا سکتا۔ پیرکو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر اعظم سواتی کی جانب سے اٹھائے گئے نکات پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں …
ہر قیدی کے لیے قانون ایک ہونا چاہیے،بانی پی ٹی آئی کو خصوصی سہولت دینے کا مطالبہ قانون کے خلاف ہے، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ

مزید خبریں
اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون وانصاف اورانسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ہر قیدی کے لیے قانون ایک ہونا چاہیے، بانی پی ٹی آئی کو خصوصی سہولت دینے کا مطالبہ قانون کے خلاف ہے،کسی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جا سکتا۔ پیرکو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر اعظم سواتی کی جانب سے اٹھائے گئے نکات پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر معاملہ قانون اور ضابطے کے مطابق ہونا چاہیے، کسی فرد کے لیے الگ قانون نہیں بنایا جا سکتا۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ یہ کہنا کہ جیل کا دروازہ توڑ کر کسی کو باہر نکال دیا گیا تھا، اس لیے اب ہم بھی اسی طرح باہر جائیں گے، قانون کے مطابق نہیں، ہم خود قانون ساز ادارے میں بیٹھے ہیں اور یہ قوانین اسی پارلیمان اور اس سے پہلے آنے والی پارلیمانوں نے بنائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کا ہر ملک قانون اور ضابطے کے مطابق چلتا ہے، جیل میں ملاقاتوں کے حوالے سے بھی قواعد موجود ہیں، بانی پی ٹی آئی کی ملاقاتوں کا معاملہ سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہے۔وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ سپریم کورٹ میں اس معاملے پر اوپن کورٹ میں سماعت بھی ہوئی، جہاں عدالت نے متعلقہ معاملات پر سوالات اٹھائے۔
انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے بطور فرینڈ آف دی کورٹ بھی رپورٹ پیش کی جو عدالتی ریکارڈ کا حصہ ہے۔اس رپورٹ میں جیل میں بانی پی ٹی آئی کو فراہم کی جانے والی خوراک، صفائی، دیکھ بھال، ورزش کے اوقات، سیل کی سہولیات اور دیگر معاملات کا ذکر کیا گیا تھا۔ رپورٹ میں یہ شکایت بھی سامنے آئی کہ ان کے علاج کے لیے ان کی پسند کے ڈاکٹر کو اجازت دی جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت سب شہری برابر ہیں تو کسی ایک قیدی کو خصوصی سہولت دینے کی اجازت کیسے دی جاسکتی ہے؟ اگر ایک شخص کو خصوصی اجازت دی جائے گی تو پھر یہی حق ملک کے ہر قیدی کو دینا ہوگا۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے جو قانون عام شہری کے لیے ہے وہی عمران خان، نواز شریف اور بلاول بھٹو زرداری سمیت ہر شخص کے لیے ہے۔ کسی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی شخصیت کو دیوتا بنا کر پیش نہیں کرنا چاہیے، قانون کی نظر میں سب برابر ہیں، جو اصول عمران خان کے لیے ہے وہی نواز شریف اور دیگر سیاسی رہنمائوں کے لیے بھی ہونا چاہیے۔وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ پارلیمان میں بیٹھے افراد کو چاہیے کہ وہ پہلے قانون پڑھیں اور پھر اس کے مطابق بات کریں، کیونکہ ملک کو آئین اور قانون کے مطابق ہی چلایا جا سکتا ہے۔







