آخری لمحات تک دشمن کے ہر حملے کا جواب دینے پراپنی طاقتور مسلح افواج کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ایرانی وزیر خارجہ

7

تہران۔24جون (اے پی پی):ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے تمام ایرانیوں کی جانب سےدشمن کے ہر حملے کا جواب دینے پر ملک کی طاقتور مسلح افواج کا شکریہ ادا کیا ہے۔ایران کے پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے منگل کی صبح ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ صیہونی حکومت کوایران کے خلاف جارحیت کی ’’سزا‘‘ دینے کے لئے فوجی آپریشن ’’انتہائی آخری لمحات تک‘‘جاری رہا اور یہ ایران کے مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بجے اختتام پذیر ہوا۔

بیان میں کہا گیا کہ میں تمام ایرانیوں کے ساتھ مل کر اپنی بہادر مسلح افواج کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو اپنے خون کے آخری قطرے تک ہمارے پیارے ملک کے دفاع کے لئے تیار رہیں اور جنہوں نے آخری لمحات تک دشمن کے ہر حملے کا جواب دیا۔ ایرانی وزیرخارجہ کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پراسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے فوراً بعد سامنے آیا ہے ۔