جاپان کی فوج کا اپنی سرزمین پر پہلی مرتبہ میزائل کا تجربہ

8

ٹوکیو ۔25جون (اے پی پی):جاپان کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے پہلی مرتبہ جاپانی سرزمین پر میزائل کا تجربہ کیا ہے۔امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق جاپانی فوج نے زمین سے بحری جہاز تک مار کرنے والے کم فاصلے تک مار کرنے والے ٹائپ 88 میزائل کا تجربہ کیا۔اس میزائل کا تجربہ جاپان کے شمال میں ہوکائیدو کے جزیرے میں واقع شِزونائی اینٹی ایئر فائرنگ رینج میں کیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ گراؤنڈ سیلف ڈیفنس فورس کی پہلی آرٹلری بریگیڈ کی مشق میں تقریباً 300 فوجی شامل تھے۔

ان فوجیوں نے ہوکائیدو کے جنوبی ساحل سے تقریباً 40 کلومیٹر (24 میل) دُور بغیر کپتان کے ایک بحری جہاز پر فائرنگ کی۔انہوں نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ منگل کو کیے گئے کم فاصلے تک مار کرنے والے میزائل ٹیسٹ کے نتائج کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔یہ ٹیسٹ ایسے وقت میں کیا گیا جب جاپان، چین کے مقابلے میں اپنی جوابی حملے کی صلاحیتوں کو بڑھانے کرنے کے لیے فوجی تیاری میں تیزی لا رہا ہے۔

جاپان رواں برس کے آخر تک ٹوماہاکس سمیت طویل فاصلے تک مار کرنے والے کروز میزائلوں کو نصب کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔واضح رہے کہ جاپان اس سے قبل اپنے دفاعی شراکت داروں امریکہ اور آسٹریلیا کے علاقوں سمیت بیرونِ ملک میزائل تجربات کر چکا ہے۔