سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے دہشت گردی کی معاونت کی روک تھام کے مطالبات پر قطر کا جواب مسترد کردیا

73

ریاض ۔ 07 جولائی (اے پی پی) سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے متفقہ طور پرقطرکی طرف سے دہشت گردی کی معاونت کی روک تھام کے مطالبات کا جواب مسترد کردیا ہے۔ چاروں عرب ممالک نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ قطر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہا ہے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ قطری حکومت کے دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ روابط ہیں۔عربی ذرائع ابلاغ کے مطابق امیر کویت الشیخ صبح الاحمد الجابر الصباح کے توسط سے قطر کی طرف سے ملنے والے جواب پر چاروں عرب ممالک نے قطر کا جواب مسترد کردیا ہے۔قطر کا بائیکاٹ کرنے والے چاروں عرب ملکوں کی طرف سے جاری مشترکہ بیان میں خلیجی بحران کے حل کی سفارتی کوششوں کی ناکامی کی تمام ذمہ داری قطر پرعائد کی گئی ہے اور کہا ہے کہ دوحہ نے برادر ملک کویت کی ثالثی کی مساعی کا بھی احترام نہیں کیا ہے۔