برسلز۔17جولائی (اے پی پی):یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان دسویں سیاسی مذاکرات کا دور جمعرات کو برسلز میں منعقد ہوا جس میں یورپی یونین اور پاکستان کے باہمی تعاون کے اہم امور سمیت علاقائی اور بین الاقوامی امور، بشمول کثیرالجہتی تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔ فریقین نے سلامتی سے متعلق امور پر مکالمے اور مشاورت کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ یورپی یونین اور پاکستان نے 2019ء میں طے پانے …
یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان سیاسی مذاکرات کا دسواں دور، باہمی تعاون کے اہم پہلوئوں، کثیر الجہتی تعاون سمیت علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
برسلز۔17جولائی (اے پی پی):یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان دسویں سیاسی مذاکرات کا دور جمعرات کو برسلز میں منعقد ہوا جس میں یورپی یونین اور پاکستان کے باہمی تعاون کے اہم امور سمیت علاقائی اور بین الاقوامی امور، بشمول کثیرالجہتی تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔ فریقین نے سلامتی سے متعلق امور پر مکالمے اور مشاورت کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ یورپی یونین اور پاکستان نے 2019ء میں طے پانے والے سٹریٹجک انگیجمنٹ پلان (ایس ای پی) کے نفاذ کے عزم کی تجدید کی۔ دونوں فریقوں نے ایس ای پی کے تحت آنے والے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے جی ایس پی پلس کے تحت قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں اطراف نے نقل مکانی کے مختلف پہلوئوں پر ہونے والے بامقصد تعاون کو سراہا اور 2025ء کے آخر میں تیسرے جامع ہجرت اور نقل مکانی کے مذاکرات منعقد کرانے پر اتفاق کیا۔ باہمی تعاون کے علاوہ دونوں فریقوں نے علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ یورپی یونین اور پاکستان نے دہشت گردی اور منشیات کے خلاف جنگ سمیت سلامتی کے معاملات پر کثیرالجہتی تعاون کی اہمیت کو تسلیم کیا۔
انہوں نے دہشت گردی کی ہر شکل کی مذمت کی۔ دونوں اطراف نے متنازعہ مسائل کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری پر مبنی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا اور بین الاقوامی قانون اور معاہدوں کی پاسداری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ فریقین نے یوکرین اور جموں و کشمیر کی صورتحال پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ دونوں اطراف نے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے مکمل احترام کے ساتھ تنازعات کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے غزہ میں انسانی صورتحال کو بہتر بنانے کی فوری ضرورت پر اتفاق کیا۔ دونوں فریقوں نے جنگ بندی کی بحالی کا مطالبہ کیا اور فلسطین میں دو ریاستی حل کے مطابق ایک منصفانہ، پائیدار اور جامع امن کی راہ ہموار کرنے والی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا۔ دونوں اطراف نے 2025ء میں ساتویں سٹریٹجک مذاکرات منعقد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا جو پاکستان-یورپی یونین تعاون کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے اگلا سیاسی مکالمہ 2026ء میں اسلام آباد میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔ یورپی یونین کے وفد کی قیادت یورپی ایکشن سروس کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اولوف سکوگ نے کی جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت پاکستان کی سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے کی۔








