لاہور۔17جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے غربت مٹائوو سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے جمعرات کے روز بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)کے سنٹرل زونل آفس لاہور کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے جاری اقدامات کا جائزہ، شفافیت، جوابدہی اور موثر سروس فراہمی سے متعلق حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ وفاقی وزیر کاآفس آمد پر ڈائریکٹر جنرل بی آئی ایس پی پنجاب محمد …
بے نظیر کفالت پروگرام کے تحت پنجاب کے47 لاکھ مستحق خاندانوں کو امداد فراہم کی جا رہی ہے ، وفاقی وزیر عمران احمد شاہ

مزید خبریں
لاہور۔17جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے غربت مٹائوو سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے جمعرات کے روز بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)کے سنٹرل زونل آفس لاہور کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے جاری اقدامات کا جائزہ، شفافیت، جوابدہی اور موثر سروس فراہمی سے متعلق حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ وفاقی وزیر کاآفس آمد پر ڈائریکٹر جنرل بی آئی ایس پی پنجاب محمد ناصر خلیلی نے شاندار استقبال کیا۔ڈی جی بی آئی ایس پی پنجاب نے صوبے بھر میں بی آئی ایس پی کی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ بے نظیر کفالت پروگرام کے تحت غیر مشروط مالی امداد اس وقت پنجاب کی تقریبا 47 لاکھ مستحق خاندانوں کو فراہم کی جا رہی ہے۔
بریفنگ کے دوران مشروط مالی امدادی پروگرام بے نظیر تعلیمی وظائف کی افادیت پر بھی روشنی ڈالی گئی جس کے تحت لاکھوں بچوں کے سکولوں میں داخلے اور حاضری کو یقینی بنایا گیا ہے، اس پروگرام کے آغاز سے اب تک پنجاب بھر میں 82 لاکھ سے زائد بچوں کا اندراج اس پروگرام کے تحت کیا جا چکا ہے جو کہ پسماندہ طبقوں کے لیے تعلیم تک رسائی ممکن بنانے کی ایک بڑی پیش رفت ہے، اس کے علاوہ بے نظیر نشوونما پروگرام بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے جو حاملہ و دودھ پلانے والی خواتین اور شیر خوار بچوں کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے تشکیل دیا گیا ہے اور ملک میں غذائی قلت کے خلاف ایک موثر قدم ہے۔
وفاقی وزیر نے مستحقین کی شکایات کے بروقت اور موثر ازالے کی اہمیت پر زور دیا اور افسران کو ہدایت کی کہ شکایات کے اندراج اور ان کے حل کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا سکیں۔ انہوں نے بی آئی ایس پی پنجاب کی ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا ۔
وفاقی وزیر نے بے نظیر ہنر مند پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئیکہا کہ ہنر مند تکنیکی تربیتی پروگرام کے ذریعے بی آئی ایس پی نہ صرف اپنے مستحقین بلکہ ان کی آئندہ نسلوں کو بھی باوقار روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے تاکہ وہ معاشی طور پر خود کفیل ہو سکیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل آرگنائزیشن مینجمنٹ بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز فواد نواز کیانی، ڈائریکٹر سنٹرل زون وقار النسا، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔








