ای او بی آئی کے رجسٹرڈ ورکرز کی تعداد ایک کروڑ 16 لاکھ سے زائد ،پنشن میں 15 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے، وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک

اسلام آباد۔18جولائی (اے پی پی):پارلیمنٹ کے ایوان بالا سینیٹ کے اجلاس کے دوران ایوان کو بتایا گیا کہ ای او بی آئی کے رجسٹرڈ ورکرز کی تعداد ایک کروڑ 16 لاکھ سے زائد ہے ،ان کی پنشن میں 15 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔جمعے کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینٹر مسرور احسن، سینٹر دنیش کمار،فوزیہ ارشد ،عبدالشکور خان اور دیگر ارکان کے سوالات کے …

اسلام آباد۔18جولائی (اے پی پی):پارلیمنٹ کے ایوان بالا سینیٹ کے اجلاس کے دوران ایوان کو بتایا گیا کہ ای او بی آئی کے رجسٹرڈ ورکرز کی تعداد ایک کروڑ 16 لاکھ سے زائد ہے ،ان کی پنشن میں 15 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔جمعے کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینٹر مسرور احسن، سینٹر دنیش کمار،فوزیہ ارشد ،عبدالشکور خان اور دیگر ارکان کے سوالات کے جواب میں وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے ایوان کو بتایا کہ خودکار طریقہ کار کے تحت جیسے ہی رجسٹریشن ہوتی ہے ای او بی آئی کارڈ ورکر کو جاری کرکے اسے ویب سائٹ پہ بھی اپ ڈیٹ کر دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کرانے والی کمپنیوں اور رجسٹرڈ ورکرز کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلات ایوان میں پیش کی جائیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ ای او بی آئی کے رجسٹرڈ ورکرز کی پنشن میں 15 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم نے ای او بی ائی کے معاملات سے متعلق ایک کمیٹی بھی قائم کی ہے،این ائی آر سی کے معاملات کو بھی بہتر بنایا گیا ہے،اب گھریلو ملازمین کو بھی رجسٹرڈ کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ای او بی آئی کی ملکیتی عمارتوں کی تعداد 49 ہے جبکہ 40 عمارتیں کرائے پر حاصل کی گئی ہیں۔ا ن کا کہنا تھا کہ ای او بی آئی کو صوبوں کے حوالے کرنے سے متعلق فیصلہ کرنے کا مجاز فورم مشترکہ مفادات کونسل ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت سمندر پار پاکستانیز میں اوپن میرٹ پہ بھرتیاں کی گئی ہیں ،بلوچستان کے کوٹے سے بھرتی نہ ہونے کے حوالے سے معلومات لےکرتفصیلات فراہم کر دی جائیں گی۔