اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے 9 مئی کے مقدمات کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ملک میں قانون کی حکمرانی اور انصاف کے نظام کی فتح کا دن ہے، آئندہ کوئی بھی 9 مئی جیسی گھنائونی سازش کرنے کی جرأت نہیں کر سکے گا۔ جمعرات کو انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے …
نو مئی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، آج ملک میں قانون و انصاف کے نظام کی جیت ہوئی ہے، آئندہ کوئی بھی 9 مئی جیسی گھنائونی سازش کرنے کی جرأت نہیں کر سکے گا، عطاء اللہ تارڑ

مزید خبریں
اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے 9 مئی کے مقدمات کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ملک میں قانون کی حکمرانی اور انصاف کے نظام کی فتح کا دن ہے، آئندہ کوئی بھی 9 مئی جیسی گھنائونی سازش کرنے کی جرأت نہیں کر سکے گا۔ جمعرات کو انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج ملک کے اندر قانون کی حکمرانی اور قانونی دفعات پر عمل درآمد کی جیت کا دن ہے، 9 مئی کے حملوں کے ناقابل تردید شواہد موجود تھے، اس دن حملہ آوروں اور بلاوائیوں نے دفاعی تنصیبات، شہداء کی یادگاروں کو مسمار کیا اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، قانون نافذ کرنے والے افسران کو زخمی کیا، توڑ پھوڑ کی اور جلائو گھیرائو کیا، قومی یکجہتی کی علامتوں کو نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کا طویل عرصے تک ٹرائل ہوا، عدالت کے سامنے ناقابل تردید شواہد پیش کئے گئے، فیئر ٹرائل ہوا، وکلاء نے جرح کی، گواہ پیش ہوئے اور تمام قانونی تقاضے پورے کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا جب مسلح جتھوں نے دفاعی تنصیبات، شہداء کی یادگاروں اور ریڈیو پاکستان، کور کمانڈر ہائوس سمیت سرکاری املاک کو نشانہ بنایا۔ خیبر پختونخوا میں مختلف بلڈنگز کو جلایا۔ انہوں نے کہا کہ جو عناصر سمجھتے تھے کہ وہ قانون سے بالاتر ہیں، آج کے عدالت کے فیصلے نے ان کے خدشات دور کر دیئے ہیں، ان سزائوں کے بعد آئندہ کوئی جرأت نہیں کرے گا کہ وہ دشمن کے ہاتھ مضبوط کرے کیونکہ جن دفاعی تنصیبات کو انہوں نے نشانہ بنایا، لوٹ مار کی اور جلائو گھیرائو کیا اور جو زبان استعمال کی وہ تمام شواہد کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے ان تمام چیزوں کو دیکھا جا سکتا ہے، ان لوگوں کی پہچان بالکل کلیئر ہے کہ یہ کون لوگ تھے جو دفاعی تنصیبات کی طرف گئے۔ یہ ان کا گھنائونا جرم تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ ان واقعات کا ماسٹر مائنڈ اس جماعت کا بانی ہے جو اس وقت جیل میں ہے جس نے زوم میٹنگز کے ذریعے یہ حملے منظم کروائے۔ اس میں کچھ لوگوں نے اختلاف بھی کیا کہ ہمیں یہ حملے نہیں کرنے چاہئیں مگر ان بلوائیوں اور حملہ آوروں نے دفاعی تنصیبات کو نقصان پہنچایا، شہداء تک کی تکریم نہ کی کہ جنہوں نے اس ملک کے لئے اپنی جان قربان کر دی۔ انہوں نے ملک کے اندر باقاعدہ طور پر نظام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ انہوں نے اجتماعی کوششوں سے مختلف شہروں میں یہ مذموم سازش کی تھی، لاہور کے جناح ہائوس میں پروفیشنل ڈاکوئوں کی طرح باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت لوٹ مار کی گئی، یہ وہ کام تھے جو دشمن بھی نہیں کر سکا لیکن ان عناصر نے اپنے ہی ملک میں دشمن کا ایجنڈا آگے بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے جب بھی حملہ آور ہونے کا خواب دیکھا، ہم نے ہمیشہ اسے منہ توڑ جواب دیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ان شرپسند عناصر کو قانون و آئین کے تحت سزائیں دی گئی ہیں اور اس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ آج ایک واضح پیغام گیا ہے کہ کوئی بھی حساس تنصیبات یا ریاستی املاک پر حملہ کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کے لئے ایک اچھی مثال ہے، یہ دن ثابت کرتا ہے کہ قانون کی بالادستی قائم ہے اور آئندہ کوئی بھی ملک دشمن سازش کا حصہ بننے کی جرأت نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پاکستان نے سفارتی اور بیانیہ کے محاذ پر دشمن کو شکست دی، ویسے ہی اندرونی محاذ پر بھی قانون و انصاف کی فتح حاصل کی گئی ہے۔







