پاکستان میں گزشتہ مالی سال کے دوران 28.82 ملین موبائل فونز تیار کئے گئے، جون 2025میں موبائل فونز کی سمبلنگ 2.19 ملین یونٹس رہی ،رپورٹ

اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):پاکستان میں گزشتہ مالی سال کے دوران 28.82 ملین موبائل فونز تیار کئے گئے، جون 2025میں اندرون ملک تیار کئے گئے موبائل فونز کی تعداد 2.19 ملین یونٹس رہی ہے۔ ٹاپ لائن سکیورٹیز کی رپورٹ کے مطابق ملک میں موئل فون تبدیل کرنے کا دورانیہ 2.5 سال کے مقابلہ میں 3.5 سال تک بڑھا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران …

اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):پاکستان میں گزشتہ مالی سال کے دوران 28.82 ملین موبائل فونز تیار کئے گئے، جون 2025میں اندرون ملک تیار کئے گئے موبائل فونز کی تعداد 2.19 ملین یونٹس رہی ہے۔ ٹاپ لائن سکیورٹیز کی رپورٹ کے مطابق ملک میں موئل فون تبدیل کرنے کا دورانیہ 2.5 سال کے مقابلہ میں 3.5 سال تک بڑھا ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران مقامی طور پر 14.24 ملین موبائل فونز اسمبل کئے گئے جن میں 54 فیصد یونٹس یعنی 7.63 ملین 2 جی فونز تیار کئے گئے جبکہ 6.60 ملین یونٹس یعنی 46 فیصد سمارٹ موبائل فونز اسمبل کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان موبائل فونز کی مجموعی قومی طلب کا 94فیصد حصہ مقامی طور پر تیار کئے گئے موبائل فونز سے پورا کیا گیا ہے جبکہ 2020 تا 2024 کے دوران یہ شرح 77 فیصد رہی اور 2016 تا 2024 کے دوران اندرون ملک اسمبل کئے گئے موبائل فونز سے 52 فیصد مقامی طلب پوری کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران موبائل فونز سمبلنگ میں ویگو ٹیل سرفہرست رہا اور کمپنی نے اس دوران 1.63 ملین یونٹس موبائل فونز تیار کئے اسی طرح 1.50 ملین یونٹس کی تیاری سے انفنیکس دوسرے جبکہ آئی ٹیل 1.23 ملین یونٹس کے ساتھ تیسرے اور ویوو 1.20 ملین یونٹس موبائل فونز کی پروڈکشن کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا ۔

مزید برآں اس عرصہ کے دوران ژیائو می کی پروڈکشن 0.83 ملین یونٹس، سام سنگ 0.76 ملین یونٹس، ٹیکنو 0.67 ملین یونٹس، جی فائیو 0.64 ملین یونٹس، نوکیا 0.59 ملین یونٹس اور کیو موبائلز کی پروڈکشن 0.56 ملین یونٹس ریکارڈ کئی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق موبائل فونز کے استعمال کے دورانیہ میں ایک سال کے اضافہ سے اندرون ملک تیاری میں کمی ہوئی ہے تاہم دوسری جانب اندرون ملک تیار کئے گئے موبائل فونز سے مقامی طلب کو پورا کرنے کی شرح میں اضافہ کے باعث موبائل فونز کی درآمدات میں کمی سے درآمدات میں کمی اور قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہو گی۔