"معرکۂ حق” اور یومِ آزادی کی تقریبات کے انتظامات زور و شور سے جاری ،یوم آزادی 2025 کا پیغام پوری قوم میں نیا جوش، تازہ امید اور قومی وقار کا احساس بیدار کرے گا

اسلام آباد۔6اگست (اے پی پی):ملک بھر میں یومِ آزادی 14 اگست 2025 کو قومی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کے لیے انتظامات بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔ "معرکۂ حق" کے عنوان سے منسلک تقریبات کو ایک ایسا رنگ دینے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، جو نہ صرف پاکستان کی نظریاتی بنیادوں کو اجاگر کرے بلکہ قومی اتحاد، ہم آہنگی اور شمولیت کی حقیقی علامت بنے۔یومِ آزادی کی تقریبات …

اسلام آباد۔6اگست (اے پی پی):ملک بھر میں یومِ آزادی 14 اگست 2025 کو قومی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کے لیے انتظامات بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔ "معرکۂ حق” کے عنوان سے منسلک تقریبات کو ایک ایسا رنگ دینے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، جو نہ صرف پاکستان کی نظریاتی بنیادوں کو اجاگر کرے بلکہ قومی اتحاد، ہم آہنگی اور شمولیت کی حقیقی علامت بنے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے حوالے سے مختلف تجاویز کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

ان تقریبات کو ایسا رنگ دینے پر زور دیا گیا ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات خصوصاً نوجوان نسل، خواتین، طلبہ، مزدور، اقلیتیں اور بزرگ شہری اس میں بھرپور انداز سے شریک ہوں۔چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی نمائندگی اور بھرپور شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں تاکہ یومِ آزادی کی تقریبات کو وفاقِ پاکستان کی اصل روح کے مطابق منایا جا سکے۔یہ جشنِ آزادی ہمارے لیے صرف ایک قومی دن نہیں بلکہ ایک قومی عزم کی تجدید کا موقع ہے۔

سڑکوں، چوراہوں، عمارتوں اور شاہراہوں کو دلکش روشنیوں سے سجایا جائے گا تاکہ دنیا دیکھے کہ پاکستانی قوم امید، وحدت اور نئے ولولے کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔تقریبات کے دوران اس بات پر زور دیا جا رہا ہے کہ پیغام واضح اور مربوط ہے کہ”یہ وطن ہمارا ہے، ہم سب کا ہے اور اس کی ترقی، سلامتی اور خودمختاری ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔”خصوصاً نئی نسل کو یہ باور کرایا جائے گا کہ آزادی کی حفاظت صرف ماضی کا نہیں، حال اور مستقبل کا بھی فریضہ ہے۔یومِ آزادی 2025 کا یہ پیغام پوری قوم میں نیا جوش، نئی امید اور قومی خودی کا شعور پیدا کرے گا۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال "معرکۂ حق” کے عنوان سے منسلک یومِ آزادی 2025 کی تقریبات کے انتظامات کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لے رہے ہیں ۔اس موقع پر انہوں نے ہدایت دی کہ یومِ آزادی کو بھرپور قومی جوش و جذبے، اتحاد، یکجہتی اور امید کے پیغام کے ساتھ منایا جائے۔انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی صرف ایک جشن نہیں بلکہ قومی عزم کی تجدید اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔

ہم اس موقع کو ایسی تقریبات کے ذریعے یادگار بنائیں گے جو نئی نسل کو پاکستان کی نظریاتی اساس اور ترقی کے سفر سے روشناس کرائیں۔پروفیسر احسن اقبال نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ ملک بھر میں خصوصاً چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے اور تمام تقریبات میں قومی ہم آہنگی اور شمولیت کا پہلو نمایاں ہو۔