قازقستان کے سفیر یرزہان کسٹا فن کاوفد کے ہمراہ پی سی ایم ای اے کا دورہ، تجارتی تعلقات اور ہاتھ سے بنے قالینوں کی قازقستان کو برآمدات کے فروغ کا جائزہ لیا

اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرزہان کسٹا فن نے وفد کے ہمراہ پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی سی ایم ای اے) کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر پاکستان اور قازقستان کے درمیان تجارتی تعلقات بالخصوص ہاتھ سے بنے قالینوں کی قازقستان کو برآمدات کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیاگیا ۔ چیئرمین میاں عتیق الرحمان ،پیٹرن انچیف عبد اللطیف ملک ،وائس …

اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرزہان کسٹا فن نے وفد کے ہمراہ پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی سی ایم ای اے) کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر پاکستان اور قازقستان کے درمیان تجارتی تعلقات بالخصوص ہاتھ سے بنے قالینوں کی قازقستان کو برآمدات کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیاگیا ۔

چیئرمین میاں عتیق الرحمان ،پیٹرن انچیف عبد اللطیف ملک ،وائس چیئرمین ریاض احمد، سینئر رہنما سعید خان ، احمد عرفان ،فیصل سعید خان اوردیگر نے لاہور ایسوسی ایشن کے دفتر آمد پر قازقستان کے سفیر اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کاپرتپاک استقبال کیا ۔قازقستان کے سفیر یرزہان کسٹافن نے دورے کی دعوت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے تجارتی تعلقات کے فروغ میں ہر ممکن کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔

انہوں نے پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کے اعلیٰ معیار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کو تجارتی مواقع کی تلاش کے لئے قازقستان کا دورہ کرنا چاہیے جس کیلئے انہیں ویزوں کی فراہمی میں آسانی سمیت دیگر معاملات میں ہر طرح کی معاونت فراہم کی جائے گی۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں عتیق الرحمان نے قازقستان کے سفیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے درخواست کی کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان براہ راست فلائٹس چلائی جائیں تاکہ دونوں ممالک کی کاروباری شخصیات کو سفر ی سہولیات میسر ہوں ،پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی ڈیوٹی فری برآمدات کے لئے ایم او یو سائن کیا جائے اور سنگل کنٹری نمائش کے انعقاد کیلئے بھی تعاون فراہم کیا جائے ۔

وائس چیئرمین ریاض احمد نے کہاکہ پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی مصنوعات اپنے اعلیٰ معیار اور دیدہ زیب ڈیزائنوں کی وجہ سے دنیا بھر میں اپنی خاص پہچان رکھتی ہیں۔ا نہوں نے قازقستان کے سفیر کو رواںسال اکتوبر میں لاہور میں منعقد ہونے والی ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی نمائش کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے اس میں شرکت کی دعوت بھی دی ۔

قازقستان کے سفیر یرزہان کسٹافن نے وفد کے ہمراہ کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ بھی کیا جہاں پر وفد کو ہاتھ سے قالینوں کی تیاری کے مختلف مراحل بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کی جانب سے قازقستان کے سفیرکو ہاتھ سے بنے قالین کا خوبصورت تحفہ بھی پیش کیا گیا ۔