ایس ای سی پی نے کیو آر کوڈ سے بورڈ ریزولیوشنز کے ذریعے کارپوریٹ بینک اکاؤنٹ کھولنے کے عمل کو آسان بنا دیا

اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی )نے معیار اور یکسانیت کے فروغ کیلئے کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت جاری سرکلر میں کمپنیوں کے کارپوریٹ بینک اکاؤنٹس کھلوانے کے لئے بورڈ ریزولیوشن کا ایک معیاری فارمیٹ تجویز کیا ہے، یہ اصلاحات ایس ای سی پی کی ساتویں رجسٹرار کانفرنس کے موضوع ”فرام پیپر ٹو پلیٹ فارم “کے تحت اٹھائے گئے اقدامات میں سے …

اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی )نے معیار اور یکسانیت کے فروغ کیلئے کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت جاری سرکلر میں کمپنیوں کے کارپوریٹ بینک اکاؤنٹس کھلوانے کے لئے بورڈ ریزولیوشن کا ایک معیاری فارمیٹ تجویز کیا ہے، یہ اصلاحات ایس ای سی پی کی ساتویں رجسٹرار کانفرنس کے موضوع ”فرام پیپر ٹو پلیٹ فارم “کے تحت اٹھائے گئے اقدامات میں سے ایک ہیں۔ایس ای سی سی پی کے مطابق یہ سرکلر پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (پی بی اے) اور دیگر شراکت داروں سے مشاورت کے بعد جاری کیا گیا ہے۔ پہلے فارمیٹ نہ ہونے کی وجہ سے کاغذات میں فرق، بار بار سوالات اور کام میں تاخیر ہوتی تھی خاص طور پر سٹارٹ اپس اور غیر ملکی ڈائریکٹرز والی کمپنیوں کو، جس سے غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) بھی دیر سے آتی تھی۔

اس معیاری ریزولیوشن کے نفاذ سے یہ مسائل کم ہوں گے کیونکہ یہ یکسانیت کو یقینی بنائے گا، مالیاتی اداروں کو کارپوریٹ کلائنٹس کو تیزی سے آن بورڈ کرنے میں مدد دے گا، تعمیلی سوالات میں کمی آئے گی اور کیو آر کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹل تصدیق سے شفافیت اور سکیورٹی میں اضافہ ہوگا تاکہ جعل سازی یا غیر مجاز تبدیلیوں سے بچا جا سکے۔ایس ای سی پی نے کہا ہے کہ اس معیاری ریزولیوشن فارمیٹ کے نفاذ سے روایتی مسائل جیسے مختلف قسم کی دستاویزی تقاضے اور ریموٹ ویریفکیشن کے مسائل حل ہو جائیں گے۔ اس کے علاوہ یہ ایک محفوظ اور قابلِ اعتماد دستاویزی فریم ورک کے ذریعے ریگولیٹری نگرانی کو بھی مضبوط کرے گا جبکہ کمپنیوں اور مالیاتی اداروں دونوں کے لئے وقت اور اخراجات میں نمایاں بچت فراہم کرے گا۔

یہ معیاری بورڈ ریزولیوشن الیکٹرانک طور پر جمع کرایا جائے گا جسے ایک مجاز افسر ڈیجیٹل طور پر سائن اور تصدیق کرے گا، تاکہ پیپر لیس ماحول کی طرف پیش رفت ممکن ہو سکے۔ شفافیت اور محفوظ تصدیق کو مضبوط بنانے کے لئے کیو آر کوڈز کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے جس کے ذریعے کمپنی کا نام، ریزولیوشن کی تاریخ، موجود ڈائریکٹرز کے نام اور مجاز دستخط کنندگان جیسے اہم تفصیلات کی فوری تصدیق ہو سکے گی۔ مالیاتی اداروں کو ترغیب دی گئی ہے کہ وہ اپنے اندرونی جانچ کے تقاضوں کے مطابق تجویز کردہ فارمیٹ میں کیو آر کوڈ والے بورڈ ریزولیوشن قبول کریں۔

اس اقدام سے ویریفکیشن میں تاخیر کم ہو گی اور تعمیلی جانچ کے عمل میں بہتری آئے گی۔یہ اقدام ایس ای سی پی کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ کارپوریٹ طریقہ کار کو آسان بنائے، ڈیجیٹل تبدیلی کو آگے بڑھائے اور پاکستان میں کاروبار کرنے میں سہولت کے فریم ورک کو مزید مضبوط کرے۔ معیاری بورڈ ریزولیوشن فارمیٹ ایس ای سی پی کی آفیشل ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کے لئے دستیاب ہے۔