اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ صرف عرب دنیا یا مسلمانوں کا نہیں بلکہ پوری انسانیت کا مسئلہ ہے، اسرائیل کے مظالم انسانیت کے خلاف بدترین جرم ہیں اور وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری اپنی خاموشی توڑ کر انصاف کے حق میں کھڑی ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سرینہ ہوٹل اسلام آباد میں ’’فلسطین امن …
فلسطین کا مسئلہ صرف عرب دنیا یا مسلمانوں کا نہیں بلکہ پوری انسانیت کا مسئلہ ہے، عالمی برادری اپنی خاموشی توڑ کر انصاف کے حق میں کھڑی ہو، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی

مزید خبریں
اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ صرف عرب دنیا یا مسلمانوں کا نہیں بلکہ پوری انسانیت کا مسئلہ ہے، اسرائیل کے مظالم انسانیت کے خلاف بدترین جرم ہیں اور وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری اپنی خاموشی توڑ کر انصاف کے حق میں کھڑی ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سرینہ ہوٹل اسلام آباد میں ’’فلسطین امن چاہتا ہے‘‘ کےعنوان سے منعقدہ سیمینارسےخطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان علماء کونسل کے زیرانتطام منعقدہ سیمینار میں چیئرمین حافظ طاہرمحمود اشرفی،فلسطین کے قاضی القضاۃ سمیت دیگر شریک تھے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے گورنرخیبرپختونخوا نے کہا کہ غزہ میں معصوم بچوں، خواتین اور بزرگوں کا خون بہایا جارہا ہے،ہسپتال، سکول اور عبادت گاہیں ملبے کا ڈھیر بنا دی گئی ہیں، یہ مناظر پوری انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑ رہے ہیں، پاکستان کے عوام اور حکومت ہمیشہ فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ رہے ہیں اور رہیں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ فلسطینی عوام کا مطالبہ زمین پر قبضہ نہیں بلکہ صرف انصاف، حق خودارادیت اور آزادی ہے جو ہر قوم کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر جنگ بندی کرائی جائے، انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کی جائے اور غزہ کے عوام کو تحفظ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کی سرزمین انبیائے کرام اور بیت المقدس کی وادی ہے مگر گزشتہ کئی دہائیوں سے یہ خطہ خونریزی اور مظالم کا شکار ہے، جب تک فلسطینی عوام کو انصاف نہیں ملتا اور قابض قوتوں کا ظلم ختم نہیں ہوتا، دنیا حقیقی امن کا خواب نہیں دیکھ سکتی۔ گورنر نے مسلم امہ اور عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ صرف بیانات سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کریں تاکہ فلسطین میں حقیقی امن قائم ہو۔








