بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ میں کارروائیاں، بیکریوں، بیکنگ یونٹس، جوس کارنر اور اسنیکس یونٹ سمیت متعدد مراکز جرمانہ، کئی کو اصلاحی نوٹسز

کوئٹہ۔ 23 ستمبر (اے پی پی):بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے)حکام نے قوانین کی خلاف ورزی پر اشیا خوردونوش کے متعدد مراکز کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے جرمانے عائد کیے اور کئی مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کر دیئے ۔بی ایف اے کے ترجمان کے مطابق منگل کو سرکی روڈ کے مختلف علاقوں میں چھ مراکز کے خلاف ایکشن لیا گیا جن میں دو بیکریاں اور دو بیکنگ یونٹس شامل …

کوئٹہ۔ 23 ستمبر (اے پی پی):بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے)حکام نے قوانین کی خلاف ورزی پر اشیا خوردونوش کے متعدد مراکز کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے جرمانے عائد کیے اور کئی مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کر دیئے ۔بی ایف اے کے ترجمان کے مطابق منگل کو سرکی روڈ کے مختلف علاقوں میں چھ مراکز کے خلاف ایکشن لیا گیا جن میں دو بیکریاں اور دو بیکنگ یونٹس شامل تھے۔

ان مراکز کے مالکان کے پاس فوڈ بزنس لائسنس موجود نہیں تھا جبکہ صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال، ورکرز کا بغیر ماسک، ہیڈ کور اور دستانوں کے کام کرنا، کھلے کوڑے دانوں کی موجودگی، پراسیسنگ ایریا میں گندگی، ناقص نکاسی آب، مکھیوں کی بھرمار، اشیا کی پیکنگ میں کیمیکل پرنٹڈ پیپر اور حتمی مصنوعات کی نامناسب اسٹوریج پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔

دوسری جانب سیٹلائٹ ٹان اور مشرقی بائی پاس پر اشیا خوردونوش کے مراکز کی چیکنگ کے دوران ایک جوس کارنر اور ایک اسنیکس یونٹ کے مالکان کو جرمانہ کیا گیا جبکہ سات دیگر مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ جوس کارنر میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال، سڑے ہوئے پھلوں کی موجودگی، زنگ آلود ریفریجریٹر کے استعمال اور ورکرز کی ذاتی صفائی نہ ہونے پر ایکشن لیا گیا۔

اسنیکس یونٹ میں نان فوڈ گریڈ کلرز کی برآمدگی، ناقص صفائی ستھرائی اور ورکرز کی حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث جرمانہ کیا گیا۔

بی ایف اے حکام کے مطابق عوامی صحت کو لاحق خطرات کے پیشِ نظر خوراک کی تیاری اور فروخت میں ناقابلِ برداشت غفلت پر سخت کارروائی کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کی جا سکے۔