سیلاب کی تباہ کاریاں ہمارے لیے آزمائش ، مشکل وقت میں ایک دوسرے کا سہارا بننا ہی اصل انسانیت ہے،خواجہ یاسر قیوم

سرگودھا۔ 23 ستمبر (اے پی پی):سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر خواجہ یاسر قیوم نے کہا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریاں ہمارے ہم وطنوں کے لیے کڑی آزمائش ہیں لیکن ایسے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا سہارا بننا ہی اصل انسانیت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کا وفد سیلاب زدگان کی …

سرگودھا۔ 23 ستمبر (اے پی پی):سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر خواجہ یاسر قیوم نے کہا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریاں ہمارے ہم وطنوں کے لیے کڑی آزمائش ہیں لیکن ایسے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا سہارا بننا ہی اصل انسانیت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کا وفد سیلاب زدگان کی امداد کے لیے روانہ کیا گیا ہے جہاں انہوں نے متاثرہ خاندانوں تک صاف پانی، خشک راشن، ادویات اور زندگی کی بنیادی ضروریات پہنچائیں۔

خواجہ یاسر قیوم نے کہا کہ چیمبر نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر اس مشن کو آگے بڑھایا اور انتظامیہ کی ان کوششوں کو بھرپور سراہا جنہوں نے اپنی دن رات کی محنت سے دکھ اور تکلیف میں ڈوبے ہوئے لوگوں کے چہروں پر اُمید کی کرن جگائی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کی مشترکہ ذُمہ داری ہے کہ ہم اپنے بہن بھائیوں کو تنہا نہ چھوڑیں، آج اگر ہم سب متحد ہو جائیں تو یہ دکھ اور کرب کی گھڑیاں جلد ہی آسانی میں بدل سکتی ہیں۔

خواجہ یاسر قیوم نے کہا کہ مشکل وقت گزر جاتا ہے لیکن بھائی چارے، ہمدردی اور قربانی کی یادیں ہمیشہ زندہ رہتی ہیں، ہم اپنے وفد کے اراکین اور ضلعی انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جو متاثرہ خاندانوں کے دکھ بانٹ کر ان کے چہروں پر مسکراہٹ واپس لانے کی جدوجہد کر رہے ہیں، یہی اجتماعی کاوشیں ہیں جو تاریکی کو روشنی میں اور مشکل کو آسانی میں بدلنے کا سبب بنتی ہیں۔