ویمنز چیمپئنز لیگ، لیون نے آرسنل کو ہرا دیا، بارسلونا کی بایرن میونخ کے خلاف 1-7 سے فتح

لندن ۔8اکتوبر (اے پی پی):لیون کی ویمنز فٹ بال ٹیم نے میلشی ڈومورنے کے دو گولز کی شاندار کارکردگی کی بدولت آرسنل کو 1-2 سے ہر کر ویمنز چیمپئنز لیگ کے نئے سیزن کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔ اے ایف پی کے مطابق یہ لیون کی ویمنز ٹیم کی لیگ میں پہلی فتح ہے۔ایک اور میچ میں بارسلونا کی ویمن ٹیم نے بایرن میونخ کو باآسانی 1-7 گول سے شکست …

لندن ۔8اکتوبر (اے پی پی):لیون کی ویمنز فٹ بال ٹیم نے میلشی ڈومورنے کے دو گولز کی شاندار کارکردگی کی بدولت آرسنل کو 1-2 سے ہر کر ویمنز چیمپئنز لیگ کے نئے سیزن کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔ اے ایف پی کے مطابق یہ لیون کی ویمنز ٹیم کی لیگ میں پہلی فتح ہے۔ایک اور میچ میں بارسلونا کی ویمن ٹیم نے بایرن میونخ کو باآسانی 1-7 گول سے شکست دی۔منگاتا پے یو کے سٹیڈیم، بورہیم ووڈ میں کھیلے گئے میچ میں لیون اور آرسنل کی ویمنز ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں لیون کی ٹیم نے آرسنل کی ویمنز ٹیم کو سخت مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں 2 گول سے ہرا دیا۔

لیون کی فتح میں میلشی ڈومورنے نے بالترتیب 18 اور23 ویں منٹ پر گول کر کے اہم کردار ادا کیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی لیون کی ویمن ٹیم نے لیگ میں تین قیمتی پوائنٹس حاصل کرنے کے ساتھ فاتحانہ آغاز بھی کر دیا۔گزشتہ سیزن میں آرسنل نے لیون کی ٹیم کو سیمی فائنل میں شکست دے کر بارسلونا کو فائنل میں ہرا کر 18 سال بعد یہ ٹائٹل جیتا تھا، تاہم اس بار انگلش کلب کی شروعات مایوس کن رہی۔

آرسنل ویمنز کی جانب سے میچ کے ساتویں منٹ میں الیسیا روسو نے گول سکور کیا۔ادھر اسٹیڈی جوہان کروف، بارسلونا، سپین میں کھیلے گئے ایک اور میچ میں بارسلوناکی ویمنز ٹیم جو مسلسل پانچ فائنلز کھیل چکی ہے نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف بائرن میونخ کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں 7 گول سے ہرا دیا۔ایوا پجور اور کلاڈیا پینا نے دو، دو جبکہ الیکسیا پوٹیلس،ایسمی برگٹس اورسلمیٰ پارالویلو نے ایک ،ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

بائرن میونخ کی طرف سے واحد گول کلارا بُہل نے سکور کیا۔دیگر میچز میں یووینٹس نے بینیفیکا کو 1-2 سے شکست دی، جبکہ پیرس ایف سی اور لیووین کے درمیان مقابلہ 2-2 سے برابر رہا۔واضح رہے کہ رواں سیزن میں پہلی بار ویمنز چیمپئنز لیگ میں 18 ٹیمیں شامل ہیں، جو لیگ مرحلے میں 6 میچز کھیلیں گی۔ ٹاپ 4 ٹیمیں براہ راست کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گی جبکہ پانچویں سے بارہویں پوزیشن کی ٹیمیں پلے آف کے ذریعے کوارٹر فائنل میں رسائی کی کوشش کریں گی۔