اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان (اے ایف پی) کے صدر بریگیڈیئر (ر) وجاہت حسین کی زیرصدارت ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں فیڈریشن کے اندر شفافیت، آئین کی پاسداری اور تنظیمی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے اہم تادیبی اور انتظامی فیصلے کیے ہیں۔ بغور جائزہ لینے اور غور و خوض کے بعدایگزیکٹو کمیٹی نے پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے سابق عہدیدار سلمان بٹ پر اے ایف پی …
بریگیڈیئر (ر) وجاہت حسین کی زیرصدارت اے ایف پی کا اجلاس، اہم تادیبی اور انتظامی فیصلے

مزید خبریں
اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان (اے ایف پی) کے صدر بریگیڈیئر (ر) وجاہت حسین کی زیرصدارت ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں فیڈریشن کے اندر شفافیت، آئین کی پاسداری اور تنظیمی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے اہم تادیبی اور انتظامی فیصلے کیے ہیں۔ بغور جائزہ لینے اور غور و خوض کے بعدایگزیکٹو کمیٹی نے پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے سابق عہدیدار سلمان بٹ پر اے ایف پی کے آئین کی سنگین خلاف ورزیوں پر تاحیات پابندی عائد کر دی جس پر وہ خود بھی دستخط کنندہ ہیں۔
اتوار کو جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سلمان بٹ کو اب سے کسی بھی ایتھلیٹکس سرگرمی میں حصہ لینے،چاہے وہ بطور کھلاڑی، کوچ، آفیشل یا عہدیدار ہو، قومی اور بین الاقوامی سطح پر ، پاکستان کے اندر یا باہر ،تاحیات پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اسی طرح پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے سابق سیکرٹری حبیب شاہ پر قومی یا بین الاقوامی سطح پر کسی بھی صلاحیت میں ایتھلیٹکس سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ لینے پر دس سال کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ایگزیکٹو کمیٹی نے 31 اگست 2025 کو ہونے والے پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے مبینہ انتخابات کو غیر قانونی، غیر آئینی اور کالعدم قرار دے دیا۔
ان انتخابات کا اعلان 29 اگست کی نصف شب کو منعقد ہونے سے محض دو دن پہلے کیا گیا تھاجب کہ اے ایف پی کے آئین میں واضح طور پر انتخابی اجلاس بلانے سے پہلے کم از کم 21 دن کا نوٹس اور انتخابات لڑنے کے خواہشمند امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے 7 دن کا نوٹس درکار ہے۔یہ بات بھی تشویش کے ساتھ نوٹ کی گئی کہ پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر بھی انتخابات سے صرف ایک دن قبل 30 اگست تک انتخابی شیڈول سے لاعلم تھے۔ یہ حقیقت ان انتخابات کے انعقاد میں شفافیت کی مکمل کمی اور طریقہ کار اور آئینی اصولوں کی خلاف ورزی کو مزید ظاہر کرتی ہے۔
ایگزیکٹو کمیٹی نے ان کارروائیوں کو اے ایف پی کے آئین کو مجروح کرنے کی دانستہ کوشش قرار دیا اور اس بات کی تصدیق کی کہ اس طرح کے طرز عمل کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ صورتحال کو سدھارنے کے لیے، کمیٹی نے پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے جلد از جلد منصفانہ، شفاف اور آئینی طور پر درست انتخابات کرانے کے لیے شاہدہ خانم، سینئر نائب صدر اے ایف پی کی سربراہی میں ایک انتظامی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کمیٹی نئے انتخابی عمل کی تکمیل تک ایسوسی ایشن کے معمول کے امور بھی چلائے گی۔
ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر اور ایگزیکٹو کمیٹی نے اپنے اس موقف کا اعادہ کیا ہے کہ فیڈریشن کے تمام معاملات اس کے آئین کے مطابق سختی سے چلائے جائیں گے۔کسی فرد یا گروہ کو آئینی دفعات کی خلاف ورزی یا نظرانداز کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اے ایف پی پورے پاکستان میں ایتھلیٹکس کے فروغ اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے دیانتداری، اتحاد اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔








