وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی پی ٹی وی سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 9 اگست (اے پی پی) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف کے قافلے میں شریک لوگوں نے ان سے اپنی والہانہ محبت کا اظہارکیا ہے، عوام ان کی جھلک دیکھنے اور آواز سننے کے لئے بے قرار ہیں، یہ ہے وہ اعتماد جو عوام کا نوازشریف پہ ہے جو آج پوری قوم نے دیکھا جو لوگ ان کو ووٹ …

اسلام آباد ۔ 9 اگست (اے پی پی) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف کے قافلے میں شریک لوگوں نے ان سے اپنی والہانہ محبت کا اظہارکیا ہے، عوام ان کی جھلک دیکھنے اور آواز سننے کے لئے بے قرار ہیں، یہ ہے وہ اعتماد جو عوام کا نوازشریف پہ ہے جو آج پوری قوم نے دیکھا جو لوگ ان کو ووٹ دیتے ہیں وہ جانتے ہیں ان کے وزیراعظم نے کوئی کرپشن نہیں کی اور اس کا ثبوت عوام کا آج کا اظہار یکجہتی ہے، محمد نواز شریف نے ہمیشہ اداروں کے احترام اور قانون کی پاسداری کی بات کی ہے، اگر وہ اداروں سے تصادم چاہتے تو ان کے سامنے پیش نہ ہوتے۔ بدھ کو پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ جب نواز شریف کا قافلہ اسلام آباد سے لاہور کے لئے روانہ ہوا تو ملک کے ہر کونے سے آئے ہوئے لوگوں نے ان سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ لوگوں کی بڑی تعداد کی وجہ سے محمد نواز شریف اپنی اس منزل تک نہ پہنچ سکے جہاں انہوں نے ساڑھے چار بجے عوام سے خطاب کرنا تھا اور یہی وہ محبت ہے جو عوام کے دلوں میں محمد نواز شریف کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے نواز شریف کو پانچ سال کے لئے منتخب کیا تھا، ان کی چار سالہ پالیسیوں کی وجہ سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا اور جتنی ترقی اس دور میں ہوئی اس کی مثال ماضی کے ادوار میں نہیں ملتی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ محمد نواز شریف اپنا پہلا خطاب کمیٹی چوک میں کریں گے جو منصوبے کے مطابق ہے تاہم ان کی سیکورٹی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج عوام نے ان سے اپنی محبت کا ثبوت دیا ہے، ریلی میں شریک کارکن کسی کی کال پر نہیں بلکہ اپنے طور آئے ہیں۔وزیرمملکت نے کہا کہ یہ کسی قسم کا احتجاج نہیں بلکہ محمد نواز شریف اپنے گھر جا رہے ہیں اور ان کا خطاب انہی نکات پر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ماحول بنایا نہیں گیا بلکہ یہ فطری ردعمل ہے۔ محمد نواز شریف جب بھی نکلیں گے ماحول کی گہما گہمی میں اتنا ہی اضافہ ہو گا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ سکیورٹی وجوہات کی بناءپر جی ٹی روڈ کے ذریعے لاہور جانے سے منع بھی کیا گیا مگر عوام کی محبت کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اداروں سے تصادم کی باتیں وہ لوگ کر رہے ہیں جنہوں نے اداروں پر اپنے گندے میلے کپڑے لٹکائے، پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر حملہ کیا اور ان کی تضحیک کی۔ آج کے مناظر دیکھ کر یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ کسی کے دل میں یہ جذبات اس طرح پیدا نہیں کئے جا سکتے، لوگ سابق وزیراعظم سے محبت کرتے ہیں اور ملک کیلئے ان کی خدمات کو سراہتے ہیں۔

Leave a Reply