پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل،مہمان ٹیم کو فتح کیلئے مزید226رنز اور میزبان ٹیم کو 8وکٹیں درکار

لاہور۔14اکتوبر (اے پی پی):لاہور ٹیسٹ کے تیسرے روز سپنرز کا راج برقرار رہا، مجموعی طور پر 16 وکٹیں گریں۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم کو جیت کیلئے 277رنز کا ہدف ملا ہے، جس کے تعاقب میں کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نےدوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 51رنز بنائے۔مہمان ٹیم کی جانب سے رائن رکلٹن 29رنز …

لاہور۔14اکتوبر (اے پی پی):لاہور ٹیسٹ کے تیسرے روز سپنرز کا راج برقرار رہا، مجموعی طور پر 16 وکٹیں گریں۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم کو جیت کیلئے 277رنز کا ہدف ملا ہے، جس کے تعاقب میں کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نےدوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 51رنز بنائے۔مہمان ٹیم کی جانب سے رائن رکلٹن 29رنز اور ٹونی ڈی زورزی 16رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کو کامیابی کے لیے مزید 226رنز درکار ہیں اور اس کی آٹھ وکٹیں باقی ہیں۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز 216رنز چھ کھلاڑی آئوٹ پر کیا اور پوری ٹیم 84اوورز میں 269رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ ڈی زورزی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 171گیندوں پر 104رنز بنائے، جن میں 10چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ یہ ان کے کیریئر کی دوسری ٹیسٹ سنچری تھی۔پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کیا۔ پیر کو چار وکٹیں لینے کے بعد انہوں نے آج مزید دو حاصل کیں اور مجموعی طور پر 112رنز کے عوض چھ کھلاڑی آئوٹ کیے۔ یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر کی نویں پانچ وکٹوں کی کارکردگی تھی۔

آف سپنر ساجد خان نے تین وکٹیں جبکہ سلمان علی آغا نے ایک وکٹ حاصل کی۔109رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز میں میزبان ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا۔ امام الحق دوسرےہی اوور میں آئوٹ ہو گئے جبکہ کپتان شان مسعود 7رنز بنا سکے، عبداللہ شفیق نے 73گیندوں پر 41رنز بنائے جن میں چھ چوکے شامل تھے، لیکن وہ بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے۔بابر اعظم 42رنز بنا کر چلتے بنے۔ ان کے آئوٹ ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم کا مڈل آرڈر لڑکھڑا گیا اور میزبان ٹیم نے صرف 16رنز کے اضافے پر اپنی آخری چھ وکٹیں گنوا دیں۔

پوری ٹیم 46.1اوورز میں 167رنز پر آوٹ ہو گئی۔ سعود شکیل نے 53گیندوں پر 38رنز بنائے جن میں سات چوکے شامل تھے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے بائیں ہاتھ کے اسپنر سینوران مٹھوسامی نے ایک بار پھر تباہ کن بائولنگ کی اور 17 اوورز میں 57رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح وہ میچ میں مجموعی طور پر 11وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

 

مزید خبریں