پاکستان اور جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے لیے راولپنڈی پولیس نے فول پروف سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات مکمل کر لیے

راولپنڈی ۔19اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے لیے راولپنڈی پولیس نے فول پروف سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) سید خالد ہمدانی کی ہدایات پر پریکٹس سیشنز اور ٹیسٹ میچ کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ سی پی او نے بتایا کہ راولپنڈی پولیس کے …

راولپنڈی ۔19اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے لیے راولپنڈی پولیس نے فول پروف سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) سید خالد ہمدانی کی ہدایات پر پریکٹس سیشنز اور ٹیسٹ میچ کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

سی پی او نے بتایا کہ راولپنڈی پولیس کے 5500 سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ ٹریفک کے مؤثر انتظامات کے لیے 367 سے زائد ٹریفک افسران تعینات کیے گئے ہیں تاکہ شائقین کرکٹ اور شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ سینئر افسران فیلڈ میں موجود فورس کی نگرانی کر رہے ہیں اور انہیں وقتاً فوقتاً بریفنگ دی جا رہی ہے۔

اس کے علاوہ سٹیڈیم اور اطراف کی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات ہیں جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے سکیورٹی کی مانیٹرنگ کے لیے ایک الگ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے مزید بتایا کہ تھانوں کی موبائلز، ایلیٹ فورس اور ڈولفن سکواڈ سٹیڈیم کے گردونواح میں گشت کر رہی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے پیش نظر ٹریفک پلان کو مؤثر اور جامع انداز میں ترتیب دیا گیا ہے تاکہ میچ کے دوران آمد و رفت کا نظام بحال رہے۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق پاک، ساؤتھ افریقا ٹیسٹ کرکٹ میچ کے دوران فول پروف سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور پولیس تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ شائقین کرکٹ محفوظ اور پرامن ماحول میں کھیل سے لطف اندوز ہو سکیں۔