راولپنڈی۔20اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنا لیے۔ کپتان شان مسعود اور اوپنر عبداللہ شفیق نے نصف سنچریاں اسکور کر کے بیٹنگ لائن کو سہارا دیا، دن کے اختتام پر سعود شکیل 42 اور سلمان آغا 10 …
پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے پہلے روز 5 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنا لیے

مزید خبریں
راولپنڈی۔20اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنا لیے۔ کپتان شان مسعود اور اوپنر عبداللہ شفیق نے نصف سنچریاں اسکور کر کے بیٹنگ لائن کو سہارا دیا، دن کے اختتام پر سعود شکیل 42 اور سلمان آغا 10 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ کیشو مہاراج اور سائمن ہارمر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ پیر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے اس میچ میں پاکستان کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
قومی اوپنرز امام الحق اور عبداللہ شفیق نے ٹیم کو 35 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم امام الحق 17 رنز بنا کر اسپنر سائمن ہارمر کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ اس کے بعد شان مسعود اور عبداللہ شفیق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 111 قیمتی رنز بنائے۔ عبداللہ شفیق 57 رنز کی پر اعتماد اننگز کھیلنے کے بعد سائمن ہارمر کی گیند پر کائل وارینی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اسٹار بیٹر بابر اعظم اس بار بھی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے اور صرف 16 رنز بنا کر کیشو مہاراج کی گیند پر ڈی زورزی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
212 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو چوتھا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب شان مسعود 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد کیشو مہاراج کی گیند پر مارکو جینسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان نے 19 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ بھی کاگیسو ربادا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔ دن کے اختتام تک سعود شکیل اور سلمان آغا نے مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور ٹیم کا اسکور 259 تک پہنچا دیا۔
سعود شکیل 42 اور سلمان آغا 10 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج اور سائمن ہارمر نے دو، دو جبکہ کاگیسو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی نظریں سعود شکیل اور سلمان آغا پر ہوں گی جو ٹیم کے اسکور کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کریں گے جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم جلد از جلد بقیہ وکٹیں حاصل کرنے کی خواہاں ہو گی تاکہ پاکستان کو محدود اسکور پر روکا جا سکے۔








