بلائنڈ کرکٹ سٹیڈیم اور سیکرٹریٹ کا افتتاح تاریخی لمحہ ہے،تمام کرکٹرز اور آفیشلز کا مبارکباد دیتا ہوں،چیئرمین پی بی سی سی سیدسلطان شاہ

اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کے چیئرمین اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کے صدر سید سلطان شاہ نے کہا ہے کہ دنیا کے پہلے بلائنڈ کرکٹ سٹیڈیم لاہور میں پی بی سی سی کے دفتر (سیکرٹریٹ) کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔ پیر کو اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج کا دن پاکستان بلائنڈ کرکٹ کے لیے تاریخی اہمیت …

اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کے چیئرمین اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کے صدر سید سلطان شاہ نے کہا ہے کہ دنیا کے پہلے بلائنڈ کرکٹ سٹیڈیم لاہور میں پی بی سی سی کے دفتر (سیکرٹریٹ) کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔ پیر کو اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج کا دن پاکستان بلائنڈ کرکٹ کے لیے تاریخی اہمیت کا حامل ہے، آج لاہور میں دنیا کے پہلے بلائنڈ کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے دفتر (سیکرٹریٹ) کا باضابطہ افتتاح کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری بلائنڈ کمیونٹی اور قوم کے لیے فخر کا لمحہ ہے کہ دنیا میں پہلا بلائنڈ کرکٹ سٹیڈیم پاکستان میں قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کا سیکرٹریٹ بھی اسی سٹیڈیم میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں آج سٹیڈیم کی افتتاحی تقریب اور پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کی سالانہ جنرل باڈی کا اجلاس بھی منعقد ہواجس میں ملک بھر سے نمائندگان نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ لمحہ ہم سب کے لیے خوشی اور اطمینان کا باعث ہے ،میں تمام بلائنڈ کرکٹرز، آفیشلز اور پوری قوم کو مبارکباد دیتاہوں کہ ہم نے ڈس ایبلٹی کمیونٹی کے لیے ایک منفرد اور معیاری سہولت فراہم کی ہے۔انہوں نے حکومت پنجاب، محکمہ کھیل پنجاب اور سپانسرز و ڈونرز کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے یہ منصوبہ مکمل ہوا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کر رہی ہے اور ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے دونوں فارمیٹس میں عالمی نمبر ون ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خواتین بلائنڈ کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ سری لنکا میں ہونے والے پہلے ویمنز بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی جس کے لیے قومی کیمپ جاری ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیا دفتر اور بلائنڈ کرکٹ سٹیڈیم کرکٹ کے فروغ، کھلاڑیوں کی تربیت اور پاکستان کے عالمی تشخص کو مزید مستحکم کرنے میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔

مزید خبریں