راولپنڈی۔21اکتوبر (اے پی پی):راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 333 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ سعود شکیل نے نصف سنچری بنائی۔ کیشو مہاراج نے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جنوبی افریقہ نے کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنا لیے۔ ٹونٹی ڈی زورزی نے 55 رنز کی اننگز کھیلی، ٹرسٹن سٹبز 68 اور کائل …
راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 333 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی

مزید خبریں
راولپنڈی۔21اکتوبر (اے پی پی):راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 333 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ سعود شکیل نے نصف سنچری بنائی۔ کیشو مہاراج نے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جنوبی افریقہ نے کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنا لیے۔ ٹونٹی ڈی زورزی نے 55 رنز کی اننگز کھیلی، ٹرسٹن سٹبز 68 اور کائل وارینی 10 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے آصف آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ مہمان ٹیم کو پاکستان کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لئے 148 رنز درکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق منگل کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی نامکمل اننگز 259 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو سعود شکیل 42 اور سلمان آغا 10 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے ، دونوں نے دن کا آغاز پر اعتماد انداز میں کیا، سعود شکیل نے نصف سنچری مکمل کی ، دونوں بیٹرز کے مابین چھٹی وکٹ میں 70 رنز کی شراکت قائم ہوئی ، سلمان آغا چھٹے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 45 رنز بنا کر کیشو مہاراج کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہو گئے۔ اپنے اگلے اوور میں کیشو مہاراج نے سعود شکیل کو 66 کے انفرادی اسکور پر ایڈن مارکرم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا کے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلا دی۔
لوئر آرڈر زیادہ مزاحمت نہ کر سکا، شاہین شاہ آفریدی صفر، ساجد خان 5 اور آصف آفریدی 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تینوں کو کیشو مہاراج نے پویلین کی راہ دکھائی۔ نعمان علی 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح پاکستان کی پوری ٹیم 113.4 اوورز میں 333 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سائمن ہارمر نے دو جبکہ کاگیسو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں جنوبی افریقہ نے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنا لیے اور اسے پاکستان کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لئے 148 رنز درکار ہیں۔
جنوبی افریقن اوپنرز نے 22 رنز کا آغاز فراہم کیا، ریان ریکلٹن پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 14 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ 54 کے مجموعی اسکور پر جنوبی افریقہ کے کپتان ایڈن مارکرم 32 رنز بنا کر ساجد خان کی گیند پر سعود شکیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس موقع پر ٹرسٹن سٹبز اور ٹونی ڈی زورزی نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور تیسری وکٹ میں 113 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کا اسکور 167 تک پہنچا دیا۔
ٹونی ڈی زورزی تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 55 رنز بنا کر آصف آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ یہ آصف آفریدی کی پہلی ٹیسٹ وکٹ تھی۔ آصف آفریدی نے اپنے اگلے اوور میں نئے آنے والے بیٹر ڈیوالڈ بریوس کو صفر پر آغا سلمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا کے جنوبی افریقہ کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ دن کے اختتام پر ٹرسٹن سٹبز 68 اور کائل وارینی 10 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ پاکستان کی جانب سے آصف آفریدی نے دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور ساجد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔








