ٹیسٹ کرکٹ میں نچلے نمبروں پر بیٹنگ کرنے والے کھلاڑیوں کا کردار نہایت اہم ہوتا ہے، سعود شکیل

اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں نچلے نمبروں پر بیٹنگ کرنے والے کھلاڑیوں کا کردار نہایت اہم ہوتا ہے، خاص طور پر اس وقت جب ٹیم مشکل صورتحال سے دوچار ہو۔ جنوبی افریقہ کے خلاف راولپنڈی سٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ کے دوسرے دن کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعود شکیل نے ٹیم کی مجموعی کارکردگی …

اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں نچلے نمبروں پر بیٹنگ کرنے والے کھلاڑیوں کا کردار نہایت اہم ہوتا ہے، خاص طور پر اس وقت جب ٹیم مشکل صورتحال سے دوچار ہو۔ جنوبی افریقہ کے خلاف راولپنڈی سٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ کے دوسرے دن کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعود شکیل نے ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور ڈیبیو کرنے والے اسپنر آصف آفریدی کی بائولنگ کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ ٹیسٹ میچ جیتنا چاہتے ہیں تو لوئر آرڈر سے رنز کا آنا بہت ضروری ہوتا ہے، ہم نے چند وکٹیں جلدی گنوائیں اور یہی وہ شعبہ ہے جس میں بہتری لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آصف آفریدی کی شاندار کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سعود شکیل نے کہا کہ وہ ہمیشہ ڈومیسٹک کرکٹ میں سخت مقابلہ کرنے والے کھلاڑی رہے ہیں اور ریڈ بال کرکٹ میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے ٹیم کی حکمت عملی پر بات کرتے ہوئے تین سپنرز کھلانے کے فیصلے کو درست قرار دیا اور کہا کہ تیسرے دن کا پہلا سیشن ہمارے لیے انتہائی اہم ہو گا، ہم کوشش کریں گے کہ جنوبی افریقہ کو جلد آئوٹ کر کے برتری حاصل کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس وکٹ پر چوتھی اننگز میں بیٹنگ آسان نہیں ہو گی، اس لیے ہمارا ہدف یہی ہے کہ انہیں کم سکور پر آؤٹ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تیسرے دن کا پہلا آدھا گھنٹہ فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔ پچ کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے ہیڈ کوچ اظہر محمود کی رہنمائی کو سراہا اور کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں پچ کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے، یہ وکٹ فاسٹ باؤلرز اور سپنرز دونوں کو مدد دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہیڈ کوچ اظہر محمود پچز کو بہت بہتر سمجھتے ہیں اور ہم ان سے مشاورت کرتے ہیں۔

مزید خبریں