میلبورن۔22اکتوبر (اے پی پی):آسٹریلیا میں ہیٹ ویو اور آندھیاں چلنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے لاکھوں شہریوں کو شدید گرمی اور تیز و نقصان دہ ہواؤں کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ شنہوا کے مطابق محکمہ موسمیات نے بدھ کی صبح نیو ساوتھ ویلز ، وکٹوریہ اور سائوتھ آسٹریلیا میں تیز اور نقصان دہ ہواؤں کی وارننگ جاری کی جبکہ کوئنزلینڈ اور ناردرن ٹیریٹری …
آسٹریلیا میں شدید گرمی اور تیز آندھیاں چلنے کی وارننگ ، لاکھوں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
میلبورن۔22اکتوبر (اے پی پی):آسٹریلیا میں ہیٹ ویو اور آندھیاں چلنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے لاکھوں شہریوں کو شدید گرمی اور تیز و نقصان دہ ہواؤں کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
شنہوا کے مطابق محکمہ موسمیات نے بدھ کی صبح نیو ساوتھ ویلز ، وکٹوریہ اور سائوتھ آسٹریلیا میں تیز اور نقصان دہ ہواؤں کی وارننگ جاری کی جبکہ کوئنزلینڈ اور ناردرن ٹیریٹری کے شمالی علاقوں میں ہیٹ ویو وارننگ جاری کی گئی۔
محکمہ کے مطابق نیو ساوتھ ویلز کے مشرقی ساحلی علاقوں میں درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر جائے گا جبکہ سڈنی میں 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جو اکتوبر 2004 کے 38.2 ڈگری کے ریکارڈ کو توڑ دے گا۔شدید گرمی کے ساتھ ساتھ 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی تیز ہواؤں کی پیشگوئی کے پش نظر گریٹر سڈنی اور آس پاس کے علاقوں میں جنگلات میں آگ کے خطرے کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
نیو ساوتھ ویلز کے وزیر صحت رائن پارک نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور بزرگوں، بچوں اور حاملہ خواتین کا خاص خیال رکھیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم سب سے درخواست کر رہے ہیں کہ آج گرمی سے بچاؤ کے لیے اقدامات کریں، ٹھنڈا رہیں اور زیادہ سے زیادہ پانی پئیں۔یہ انتباہ اس وقت جاری کیا گیا ہے جب منگل کو کوئنزلینڈ اور نیو ساوتھ ویلز دونوں نے اکتوبر کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا ، کوئنزلینڈ میں درجہ حرارت46.1 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ نیو ساوتھ ویلز میں 44.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بدھ کے روز ان ریاستوں میں بھی تیز اورگرم ہوائیں چلنے کا امکان ہے کیونکہ آسٹریلیا کے جنوبی ساحل کے قریب بننے والا کم دباؤ کا نظام مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے۔








