کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی طرف سے مستحق خاندانوں میں مویشیوں کی فراہمی کے منصوبے کا آغاز

پشاور۔ 22 اکتوبر (اے پی پی):کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری خیبر پختونخوا، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور اپنے نفاذی شراکت دار ادارے پیس اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے اشتراک سے پاکستان میں مستحق خاندانوں کو معاشی بااختیار بنانے کے لیے مویشیوں کی فراہمی کے منصوبے کا باضابطہ آغاز کر دیا۔کنگ سلمان ریلیف سنٹر کے ترجمان کے مطابق تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل سیکرٹری …

پشاور۔ 22 اکتوبر (اے پی پی):کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری خیبر پختونخوا، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور اپنے نفاذی شراکت دار ادارے پیس اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے اشتراک سے پاکستان میں مستحق خاندانوں کو معاشی بااختیار بنانے کے لیے مویشیوں کی فراہمی کے منصوبے کا باضابطہ آغاز کر دیا۔کنگ سلمان ریلیف سنٹر کے ترجمان کے مطابق تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری نورالامین تھے جبکہ معزز مہمان ڈائریکٹر کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر پاکستان عبداللہ البقمی نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر سرکاری اداروں، اقوام متحدہ کی ایجنسیوں، شراکت دار تنظیموں اور میڈیا کے نمائندگان نے شرکت کی۔

یہ منصوبہ مستحق خاندانوں کے روزگار کو مضبوط بنانے، غذائی تحفظ میں بہتری لانے اور خود انحصاری کے فروغ کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ اس کے تحت مستفید ہونے والے خاندانوں کو مویشی، پولٹری اور عملی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنی آمدنی میں اضافہ کر سکیں۔منصوبے کے تحت لوئر چترال، اپر چترال، لوئر دیر اور اپر دیر کے 1000 خاندانوں کو دو مادہ بکریاں، چارہ اور مویشیوں کی دیکھ بھال کی تربیت دی جائے گی جو محکمہ لائیو اسٹاک کے تعاون سے فراہم کی جائے گی۔ سوات، صوابی، ہری پور اور مانسہرہ کے 1000 خاندانوں کو 25 مرغیاں، مکمل پولٹری کٹ، اور پولٹری کی دیکھ بھال اور آمدنی پیدا کرنے کی تربیت دی جائے گی جو محکمہ لائیو اسٹاک کے ذریعے دی جائے گی۔ چارسدہ، مردان اور نوشہرہ کے 500 خاندانوں کو گائے ، چارہ کے ساتھ عملی تربیت حاصل کریں گے جس میں جانوروں کی دیکھ بھال اور دودھ کی پیداوار شامل ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبداللہ البقمی نے کہا کہ یہ منصوبہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے اور کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے جو کمزور طبقات کو بااختیار بنانے اور پائیدار روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے جاری ہے۔مہمانِ خصوصی نورالامین نے سعودی عرب اور کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹرکے تعاون کو سراہا اور پیس اینڈ ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن اور محکمہ لائیو اسٹاک کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی شراکت سے یہ منصوبہ نہایت موثر اور نتیجہ خیز ثابت ہوگا،یہ منصوبہ غربت میں کمی، غذائی تحفظ میں بہتری، اور آمدنی پیدا کرنے کے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔