اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہےکہ کاروباری طبقہ کسی بھی ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، پاکستان کی معاشی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں تاجر برادری کا کردار قابلِ تحسین ہے۔بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب …
ملک کی معاشی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں تاجر برادری کا کردار قابلِ تحسین ہے، سیدال خان
اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہےکہ کاروباری طبقہ کسی بھی ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، پاکستان کی معاشی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں تاجر برادری کا کردار قابلِ تحسین ہے۔بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب صدر سردار طاہر محمود کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے نومنتخب صدر سردار طاہر محمود، سینئر نائب صدر طاہر ایوب، نائب صدر عرفان چوہدری اور ان کی پوری ٹیم کو دلی مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی کاروباری برادری نے ہمیشہ دارالحکومت میں تجارت، صنعت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آئی سی سی آئی کی نئی قیادت اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے مزید فعال، مؤثر اور متحرک کردار ادا کرے گی۔سیدال خان نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر نہ صرف کاروباری طبقے کی مضبوط آواز ہے بلکہ یہ ادارہ ملک کے معاشی وژن اور پالیسی سمت طے کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی نے ہمیشہ تعمیری مکالمے، پالیسی تجاویز اور اصلاحی اقدامات کے فروغ کے ذریعے معیشت کے استحکام میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ دور میں ریاست اور نجی شعبہ حقیقی شراکت دار کے طور پر کام کر رہے ہیں اور اس ضمن میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی ) کا کردار نہایت اہم ہے، ان کے بقول ایسے ادارے حکومت اور کاروباری طبقے کے درمیان پالیسی سازی اور اس کے عملی نفاذ کے لئے ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بطور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ وہ اس بات کی یقین دہانی کراتے ہیں کہ پارلیمنٹ ہمیشہ تاجر برادری کے ساتھ کھڑی ہے، قانون سازی کے عمل میں صنعتکاروں اور تاجروں کی تجاویز کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے تاکہ ایسے قوانین تشکیل دیئے جا سکیں جو کاروباری ماحول کو سازگار بنائیں، سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھائیں اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ اسلام آباد کی کاروباری برادری نے ہمیشہ ملکی معیشت کے استحکام میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے اور امید ظاہر کی کہ نومنتخب قیادت اس تسلسل کو مزید آگے بڑھائے گی تاکہ پاکستان کی معاشی ترقی کا سفر مزید تیز اور مستحکم ہو۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان قدرتی وسائل اور معدنیات سے مالا مال ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ مربوط حکمت عملی اور باہمی تعاون کے ذریعے اس خطے میں تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے مزید مواقع پیدا کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر اور بلوچستان کے مختلف چیمبرز کے درمیان اشتراکِ عمل سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ، صنعت و تجارت کو وسعت، اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا کئے جا سکتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سردار طاہر محمود، طاہر ایوب، عرفان چوہدری اور ان کی پوری ٹیم کو ایک بار پھر نیک تمناؤں کے ساتھ مبارکباد دی ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں مزید کامیابیاں عطا فرمائے تاکہ وہ پاکستان کی معاشی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے سفر کو مزید تیز اور مؤثر بنا سکیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ترقی، استحکام اور خوشحالی عطا فرمائے۔








